QR CodeQR Code

جماعت اسلامی کا گیس قیمتوں میں 200 فیصد اضافے کی تجویز پر اظہار تشویش

21 Jun 2019 22:59

اپنے ایک بیان میں جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے قوم کے ساتھ تاریخ کا سب سے بڑا دھوکہ اور فریب کرکے عوام کی امیدوں کا قتل کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے تبدیلی کی دعویدار حکومت کا گھریلو صارفین کیلئے گیس قیمتوں میں 200 فیصد بڑھانے کی تجویز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ چھیننے اور غریبوں کے چولھے ٹھنڈے کرنے کے مترادف قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ بجلی، گیس سمیت یوٹیلیٹی بلز میں اضافے اور ٹیکسوں کی بھرمار سے عوام کا جینا دوبھر ہو جائے گا، اس لئے مفاد عامہ کی خاطر گھریلو صارفین کی گیس قیمتوں میں اضافہ کی تجویز والے فیصلے پر نظر ثانی اور حکومت عوام کو ریلیف عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے کرپشن فری اقدامات کرکے قوم سے کئے گئے وعدے پورے کرے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ حکومت میں برسر اقتدار پارٹی قیادت نے اپنی انتخابی مہم کے دوران مہنگائی و کرپشن کے خاتمہ سمیت عوام کو سبز باغ دکھانے اور تبدیلی لانے کے بڑے بڑے دعوے کیے تھے، مگر انہوں نے دراصل قوم کے ساتھ تاریخ کا سب سے بڑا دھوکہ اور فریب کرکے عوام کی امیدوں کا قتل کیا ہے، ملک میں کرپشن پہلے سے زیادہ اور لاکھوں لوگ اپنے روزگار سے محروم ہو چکے، جبکہ روپنے کی بے قدری و ڈالر کی اڑان سے معیشت آئی سی یو میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے سارے دعوے جھوٹے ثابت ہو چکے، اپنے دعوؤں کے برعکس اس حکومت نے اپنے ابتدائی دس ماہ میں ہی مہنگائی و بیرونی قرضے حاصل کرکے سابقہ حکومتوں کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، جس کی وجہ سے ملک مزید مقروض اور عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 800785

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/800785/جماعت-اسلامی-کا-گیس-قیمتوں-میں-200-فیصد-اضافے-کی-تجویز-پر-اظہار-تشویش

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org