0
Saturday 22 Jun 2019 22:19

منشیات کیخلاف عملی اقدامات کرنا ناگزیر ہے، مولانا غلام رسول حامی

منشیات کیخلاف عملی اقدامات کرنا ناگزیر ہے، مولانا غلام رسول حامی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کاروان اسلامی کے سربراہ غلام رسول حامی نے کہا ہے کہ معاشرے میں جس طرح سے بے راہ روی، منشیات، شراب اور دیگر بدعات و خرافات کو بڑھاوا مل رہا ہے اگر قبل از وقت معاشرے کے ہر فرد نے آگے آکر اپنی ذمہ داریوں کو نبھا کر اقدامات نہ کئے تو مستقبل قریب میں اس طوفان کو روکا نہیں جاسکتا ہے۔ مرکزی جامع مسجد شریف کیرن کپواڑہ میں حفاظِ کرام کی دستاربندی کے موقعہ پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا غلام رسول حامی نے کہا کہ علم و عرفان کی مشعل کو جس طرح اپنے ادوار میں اولیاء کاملین نے روشن کرنے کے لئے اپنی زندگیوں کو نثار کر کے آج کے دور تک کتاب و سنت کی تعلیمات کو پہنچانے میں ایک اہم سعی کی ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اولیاء کاملین کے مشن کو مشعل راہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کاروانِ اسلامی جہاں وادی گلپوش کے ہر تحصیل میں علم و عرفان کی مشعل کو روشن کرنے کے لئے شمع جلانے کے کام میں مصروف ہیں وہیں پر ان بدعات کا قلع قمع کرنے کے لئے بھی کوشاں ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر قاضی نثار کو ایک سپوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے علم و عرفان کی وہ مشعل روشن کی جس کا فیض آج بھی مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر قاضی نثار نے کشمیر میں ہو رہے ظلم و جبر کے خلاف جدو جہد کے لئے اپنی جان نچھاور کر کے حق ادا کیا اور اس مشن کو آگے بڑھانے کے لئے ہمارے کندھوں پر چھوڑ دیا اب ہم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ان کے اس چھوڑے ہوئے ادھورے مشن کو آگے بڑھانے میں اپنا رول ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 800833
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش