0
Saturday 22 Jun 2019 10:59

بھوربن مری میں لاہور پراسس کے عنوان سے افغان امن کانفرنس کا انعقاد

بھوربن مری میں لاہور پراسس کے عنوان سے افغان امن کانفرنس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ لاہور سنٹر فار پیس اینڈ ریسرچ (ایل سی پی آر) کی طرف سے افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے لاہور پراسس کے نام سے پہلی کانفرنس بھوربن مری میں منعقد ہو رہی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان امن کانفرنس کی افتتاحی نشست سے خطاب کیا۔ تمام افغان سیاسی جماعتوں کے سربراہ اور افغانستان کے صدر کے سیاسی مشیر، حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار، سینیٹرز اور افغان پارلیمنٹ کے ارکان سمیت ستاون مندوبین کی کانفرنس میں شریک ہیں۔ لاہور پراسیس کے زیرعنوان کانفرنس میں رابطوں، تجارت، معیشت اور صحت سمیت مختلف شعبوں پرغورکیا جائے گا۔ کانفرنس میں افغان پناہ گزینوں کی اپنے ملک واپسی کا بھی جائزہ لیا جائیگا، جو گزشتہ چار دہائیوں سے پاکستان میں رہائش پذیر ہیں۔ مندوبین افغانستان کے مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں تجاویز دینگے۔ یہ کانفرنس پاکستان اور افغانستان کے عوام کے درمیان رابطوں میں اضافے کا موقع فراہم کریگی اور اس سے دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان اعتماد سازی میں اضافہ ہو گا۔

کانفرنس کا اہتمام افغانستان کے صدر اشرف غنی کے جمعرات کو دورہ پاکستان سے قبل کیا گیا ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی مندوبین کے اعزاز میں ضیافت دینگے۔ کانفرنس کے شرکاء وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کرینگے۔ واضح رہے کہ یہ کانفرنس ایک ایسے موقع پر ہو رہی ہے، جب امیر قطر بھی دو روزہ دورے پر ہفتہ کے روز پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ افغان حکومت، طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں قطر کا کلیدی کردار رہا ہے۔ صرف یہ ہی نہیں بلکہ افغان طالبان نے باضباطہ طور پر اپنا پہلا دفتر بھی قطری شہر دوحا میں کھولا۔ افغانستان میں قیام امن کے لیے لاہور پراسیس کے نام سے پہلی افغان امن کانفرنس میں گلبدین حکمت یار، استاد عطا نور کے علاوہ افغان امن جرگہ کے سربراہ کریم خلیلی اور ازبک رہنما رشید دوستم جیسی اہم شخصیات بھی شامل ہوں گی۔ افغان صدر اشرف غنی کے سیاسی مشیر  اور افغانستان کی 18 سیاسی جماعتوں کا چالیس سے زائد رکنی وفد کانفرنس کیلئے پاکستان پہنچ گیا ہے۔ کانفرنس میں بڑی تعداد میں سابق سفراء، محققین اور تھنک ٹینکس شرکت کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 800845
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش