0
Saturday 22 Jun 2019 11:17

دہشتگردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے، وزیراعلٰی خیبر پختونخوا

دہشتگردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے، وزیراعلٰی خیبر پختونخوا
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے تاج زئی ضلع لکی مروت (بنوں) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شہید کیپٹن عارف اللہ کے والد شاہ دراز خان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیر صحت ہشام انعام اللّٰہ خان، کور کمانڈر لفٹننٹ جنرل شاہین مظہر محمود اور اراکین صوبائی اسمبلی شاہ محمدخان، پختون یار، کمشنر بنوں عادل صادق، ڈی آئی جی بنوں عبد اللہ خان بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے دیگر رہنماﺅں کے ہمراہ شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور ان کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید عارف اللہ نے مادر وطن کی حفاظت اور دفاع پر اپنی جان نچھاور کی ہے، امن کے باب میں شہید کی قربانی سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عارف اللہ شہید ایک نڈر اور بہادر فوجی افسر تھے، جنہوں نے اپنی ڈیوٹی کے دوران مختلف محاذوں پر دہشت گردوں اور ملک دشمن عناصر کو شکست سے دوچار کیا۔ محمود خان نے کہا کہ پاک فوج، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کی بدولت دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے، آئندہ بھی ملک میں امن و امان کیلئے ہماری سکیورٹی فورسز کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریںگی۔ یاد رہے کہ شہید کیپٹن عارف اللہ 7 جون 2019ء کو خڑ کمر جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید ہوئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 800854
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش