QR CodeQR Code

میثاق معیشت کیلئے عمران خان خود اپوزیشن سے رابطہ کریں، خورشید شاہ

جب 8 سال 3 ماہ پہلے این آر او نہیں مانگا تو اب کیا مانگوں گا، زرداری

22 Jun 2019 12:43

پارلیمنٹ آمد کے موقع پہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پہلے وزیراعظم میثاق معیشت پر اپنا موقف واضح کریں پھر ہم اپنی پارٹی کا ردعمل اور سیاسی اتحادیوں کا موقف سامنے لائیں گے، انکا کہنا تھا کہ جب 8 سال 3 ماہ پہلے این آر او نہیں مانگا تو اب کیا مانگوں گا؟


اسلام ٹائمز۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پہلے وزیراعظم میثاق معیشت پر اپنا موقف واضح کریں پھر ہم اپنی پارٹی کا ردعمل اور سیاسی اتحادیوں کا موقف سامنے لائیں گے۔ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں آمد کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں انکا کہنا تھا کہ جب 8 سال 3 ماہ پہلے این آر او نہیں مانگا تو اب کیا مانگوں گا؟ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء اور قومی اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اب عمران خان خود میثاق معیشت کے لیے اپوزیشن سے رابطے کریں۔ اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ حکومت والے ایک طرف معیشت کی بات کرتے ہیں دوسری جانب این آر او کا الزام لگاتے ہیں، یہ حکومت کی منفی سوچ ہے۔ خورشید شاہ نے کہا ہم نے اسپیکر سے جو بات کی اس کا نتیجہ  یہ ملا کہ ہم این آر او مانگ رہے ہیں، انہوں نےحکومت کا نام لیے بغیر کہا ان سے کون بات کر سکتا ہے؟ سید خورشید شاہ نے کہا ہم اب جب بھی ان سے بات کریں گے ایسا لگے گا ہم این آر او مانگ رہے ہیں۔ این آ ر او کی ضرورت ان کو پڑے گی۔ سابق قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی نے کہا کہ اپوزیشن کا بجٹ ووٹنگ میں حصہ نہ لینا منفی بات ہو گی، ایسا کرنا بلاواسطہ حکومت کو فری ہینڈ دینا ہو گا، ہم عمران خان کی ذات کے مخالف نہیں ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاست دان کیوں ڈیل کرے، سیاستدان ڈیل نہیں کرتے۔ واضح رہے کہ سید خورشید شاہ کا یہ بیان وزیراعظم عمران خان کی طرف سے حزب اختلاف کے ساتھ میثاق معیشت کی منظوری کی خبروں کے بعد سامنے آیا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم نے میثاق معیشت کیلئے اعلی سطح کی پارلیمانی کمیٹی سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی سے مشاورت کی ہے، میثاق معیشت کمیٹی میں سینیٹ اور قومی اسمبلی میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین شامل کئے جانے کا امکان ہے۔ میثاق معیشت کمیٹی بنانے کا مقصد یہ ہے کہ اس کے ذریعے سیاسی جماعتوں کے اہم رہنما ملکی معیشت میں بہتری کے لئے تجاویز دے سکیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت پارلیمنٹ میں جمہوری اور اخلاقی اقدار کی پاسداری پر یقین رکھتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 800875

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/800875/جب-8-سال-3-ماہ-پہلے-این-ا-ر-او-نہیں-مانگا-اب-کیا-مانگوں-گا-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org