QR CodeQR Code

سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے شناختی کارڈ منسوخ کرنے کا حکم

22 Jun 2019 14:29

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ سنگین جرائم میں ملوث مجرمان کو بیرون ملک سے فرار ہونے سے روکنے کیلئے ان کے نام آئی بی ایم ایس کی سٹاپ لسٹ میں فوری شامل کروانے اور ان کے شناختی کارڈز کی منسوخی کیلئے اقدامات کئے جائیں، اس ضمن میں نادرا اور ایف آئی اے کے حکام سے قریبی رابطہ رکھا جائے تاکہ یہ پیشہ ور مجرمان واردات کے بعد بیرون ملک فرار نہ ہو سکیں۔


اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران صوبے کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قتل، ڈکیتی اور اغواء برائے تاوان جیسے دیگر سنگین جرائم میں ملوث مجرمان کو بیرون ملک سے فرار ہونے سے روکنے کیلئے ان کے نام آئی بی ایم ایس کی سٹاپ لسٹ میں فوری شامل کروانے اور ان کے شناختی کارڈز کی منسوخی کیلئے اقدامات کئے جائیں، اس ضمن میں نادرا اور ایف آئی اے کے حکام سے قریبی رابطہ رکھا جائے تاکہ یہ پیشہ ور مجرمان واردات کے بعد بیرون ملک فرار نہ ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرائم کی وارداتوں میں لائسنس یافتہ اسلحہ کے استعمال کی حوصلہ شکنی کیلئے اسلحہ لائسنس کی منسوخی کیلئے کیسز جلد از جلد ڈپٹی کمشنرز کو بھجوائے جائیں اور تمام ڈی پی اوز اسلحہ لائسنس معطلی کے بھجوائے گئے کیسز کی رپورٹ ایک ہفتہ میں سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تھانوں کے حالات کار میں مزید بہتری کیلئے ڈی پی اوز اپنی نگرانی میں کام کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائیں، تاکہ اہلکاروں کی کارکردگی مزید بہتر ہو سکے اور کسی بھی افسر یا اہلکار پر کام کا غیر ضروری بوجھ نہ رہے۔ انہوں نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کیساتھ بدتمیزی کرنیوالے افسران و اہلکار کسی رعائٓیت کے مستحق نہیں، ایسے واقعات میں ملوث ذمہ داران خود کو سخت محکمانہ کارروائی کیلئے تیار رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں اور خواتین کیساتھ بداخلاقی اور بلیک میلنگ میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے معاشرتی ناسوروں کو سخت سے سخت سزا دلوانے کیلئے فیلڈ افسران خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں تاکہ بچوں اور خواتین کو سماجی تحفظ فراہم کرنے میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔


خبر کا کوڈ: 800912

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/800912/سنگین-جرائم-میں-ملوث-ملزمان-کے-شناختی-کارڈ-منسوخ-کرنے-کا-حکم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org