QR CodeQR Code

قبائلی اضلاع کی محرومیاں دور کرنے کیلئے مرجر فنڈ قائم کیا جائے، اکرم دُرانی

22 Jun 2019 16:27

کے پی اسمبلی اجلاس میں بجٹ پر بحث کرتے ہوئے سابق وزیراعلٰی کا کہنا تھا کہ گذشتہ بجٹ کے حساب سے امسال 900 ارب روپے کے بجائے 1800 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا جانا چاہیئے تھا، گذشتہ بجٹ میں 65 ارب روپے کے خسارے کی نشاندہی ہوئی تھی جو اب دستاویزات میں نظر آرہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و جمعیت علماء اسلام (ف) کے سینئر رہنما اکرم خان درانی نے تجویز دی ہے کہ نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع کی احساس محرومی کے خاتمے کیلئے فاٹا ڈویلپمنٹ مرجر فنڈ کا قیام عمل میں لایا جائے اور ہر سال بجٹ میں مختص ہونے والی رقم کو اس میں منتقل کیا جائے تاکہ قبائلی اضلاع کا بجٹ کسی دوسری مد میں خرچ نہ ہو۔ اسپیکر مشتاق غنی کی سربراہی میں منعقدہ صوبائی اسمبلی اجلاس میں خیبر پختونخوا حکومت کے مالی سال 2019-20ء کے بجٹ پر بحث کے دوران اکرم خان درانی کا کہنا تھا کہ فاٹا سیکرٹریٹ کے ملازمین ضم ہونے کے بعد ہڑتال پر ہیں، حکومت نے 100 ارب روپے کے اضافی فنڈ کے دعووں کے باوجود قبائلی اضلاع کیلئے 82 ارب روپے کا ترقیاتی فنڈ مختص کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ فاٹا میں امن و امان کا مسئلہ درپیش ہے جہاں 2 ارب روپے بھی خرچ نہیں ہوں گے، یوں یہ رقم بھی بندوبستی اضلاع میں خرچ کردی جائے گی۔

اکرم خان درانی نے تجویز دی کہ فاٹا ڈویلپمنٹ ایکٹ کے ذریعے فاٹا ڈویلپمنٹ مرجر فنڈ قائم کیا جائے اور ہر سال مختص ہونے والی رقم کو اس میں ٹرانسفر کیا جائے تاکہ قبائلی اضلاع کیلئے مختص فنڈز کسی دوسرے مد میں استعمال نہ ہوسکے، اس کے استعمال اور منتقلی کیلئے فوراً طریقہ کار وضع کیا جائے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ قبائلی نوجوان بے روزگار ہیں، اگر حکومت مخلص ہے تو نوجوانوں کیلئے ماہانہ 20 ہزار وظیفہ لگا کر انہیں 30 تک اس کی ادائیگی کی جائے۔ سابق وزیراعلٰی اکرم خان درانی نے کہا کہ بجٹ 2019-20ء میں دودھ، آٹا اور ادویات سمیت اشیائے ضروریہ کی ہر چیز کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ بجٹ کے حساب سے امسال 900 ارب روپے کے بجائے 1800 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا جانا چاہیئے تھا، گذشتہ بجٹ میں 65 ارب روپے کے خسارے کی نشاندہی ہوئی تھی جو اب دستاویزات میں نظر آرہی ہے۔ اکرم خان درانی نے کہا کہ سندھ حکومت سے زیادہ بجٹ پیش کرنے کے دعوے بھی غلط ہیں جبکہ غلط اعداد و شمار اور غلط بیانی پر حکومت کے خلاف کارروائی کی جائے۔


خبر کا کوڈ: 800934

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/800934/قبائلی-اضلاع-کی-محرومیاں-دور-کرنے-کیلئے-مرجر-فنڈ-قائم-کیا-جائے-اکرم-د-رانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org