0
Saturday 22 Jun 2019 16:56

آصف زرداری سندھی اور مہاجر بھائیوں کو لڑوانے کی کوشش کر رہے ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار

آصف زرداری سندھی اور مہاجر بھائیوں کو لڑوانے کی کوشش کر رہے ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار
اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم تنظیم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ اردو بولنے والے بھی سندھ کا اثاثہ ہیں، آصف زرداری سندھی اور مہاجر بھائیوں کو لڑوانے کی کوشش کر رہے ہیں، کراچی میں حالات آصف زرداری کے دور میں خراب ہوئے، لیاری گینگ وار کو سرکاری سرپرستی میں قائم کیا گیا، حقیقت سے آگاہ کرنا ہے تو عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی پبلک کریں۔ کراچی میں انسدادِ دہشتگردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے مہاجروں کے وجود سے ہی انکار کیا، آصف زرداری کو ایسی گفتگو سے اجتناب کرنا چاہیئے، ذہن نشین کرلیں اردو بولنے والے بھی سندھ کا اثاثہ ہیں۔ فاروق ستار نے کہا کہ ملک کی سیاسی صورت حال میں بڑی ہلچل ہے، بڑے بڑے سیاستدانوں کے اعصاب جواب دے رہے ہیں، آصف زرداری بہت سینئر سیاستدان ہیں، دو روز قبل جو آصف زرداری نے مہاجروں کے خلاف بیان دیا اس کی مذمت کرتے ہیں، ان کی تقریر مہاجروں سے متعلق اشتعال انگیز تقریر کے زمرے میں آتی ہے، آصف زرداری کو مہاجروں کے وجود سے متعلق گفتگو سے اجتناب کرنا چاہیئے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے مہاجروں کی قربانیوں کو فراموش کیا، انہوں نے ہمارے سندھی بزرگوں کی روایت کو بھی نظر انداز کیا، جب مہاجر سندھ میں داخل ہوئے تو سندھیوں نے دل کھول کر ان کا استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم 30 سال سے بھائی چارے کے فروغ کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں، مہاجر تھوڑے سے ہیں تو انہیں بتا دوں بشمول سندھ سمیت پورے پاکستان میں کروڑوں کی تعداد میں مہاجر ہیں، انہیں مہاجر تھوڑے سے یوں لگ رہے ہیں کیوں کہ ہمیں مردم شماری میں کم گنا گیا، سندھی اور مہاجر کو الگ کہنا یا کسی کو تھوڑا کہنا اشتعال انگیزی ہے، وہ سندھی اور مہاجر بھائیوں کو لڑوانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آصف زرداری نے کہا کہ پرویز مشرف کے زمانے میں حالات خراب ہوئے، کس کے دور میں حالات خراب ہوئے، عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی منظر عام پر لے آئیں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا، عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی منظر عام پر لانے کا مطالبہ کرتا ہوں۔

فاروق ستار نے کہا کہ 2002ء سے 2008ء اور 2008ء سے 2013ء کا دورانیہ دیکھ لیں، 2008ء کے بعد تو کراچی میں اصل خون کی ہولی کھیلی گئی، آصف زرداری کے دور سے قتل و غارت گری شروع ہوئی، لیاری گینگ وار کو کہا گیا یہ ہمارے بچے ہیں، اصل میں ان کی وجہ سے حالات خراب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی موجودہ قیادت سے میرا بھی اختلاف ہے، وفاقی بجٹ میں سندھ اور کراچی کے ساتھ جو زیادتی ہورہی ہے اس میں پیپلز پارٹی کے ساتھ ہوں، مرکز سے صوبہ سندھ کو اس کا حق ملنا چاہیئے لیکن 12 برسوں میں جو پیپلز پارٹی نے سندھ کے شہری علاقوں کے ساتھ کیا اس کا بھی حساب دینا چاہیئے۔ جسٹس گلزار نے ریمارکس دیئے ہیں سندھ کرپٹ ترین صوبہ ہے، سندھ میں ایک بھی ترقیاتی منصوبے پر کام نہیں ہوا۔
خبر کا کوڈ : 800939
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش