0
Saturday 22 Jun 2019 20:04

بجٹ متوازن ہے منظوری کیبعد جلد ہی ترقیاتی پر وگرامز پر عمل ہوگا، وزیراعلٰی بلوچستان

بجٹ متوازن ہے منظوری کیبعد جلد ہی ترقیاتی پر وگرامز پر عمل ہوگا، وزیراعلٰی بلوچستان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے ایک جامع اور متوازن بجٹ پیش کردیا ہے، اب یہ ترقیاتی محکموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسمبلی سے بجٹ کی منظوری کے بعد آئندہ مالی سال کے آغاز سے ہی ترقیاتی پروگرام میں شامل جاری اور نئے منصوبوں پر فوری طور پر عملدرآمد کا آغاز کریں تاکہ ان منصوبوں کے ثمرات جلد عوام تک پہنچ سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترقیاتی امور کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا، صوبائی وزراء میر ظہور احمد بلیدی، زمرک خان اچکزئی، میر عارف جان محمد حسنی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات عبدالرحمٰن بزدار، سیکرٹری خزانہ نورالحق بلوچ، سیکرٹری مواصلات، سیکرٹری پی ایچ ای اور سیکرٹری ایریگیشن بھی اجلاس میں شریک تھے۔

وزیراعلٰی نے کہا کہ بجٹ کی تیاری میں تمام محکموں اور سٹیک ہولڈرز کی بھرپور محنت شامل ہے اور اس عمل میں بہترین ٹیم ورک رہا ہے، تاہم ترقیاتی پروگرام پر عملدآمد کو محکمے چیلنج کے طور لیتے ہوئے جولائی کے مہینے میں ٹینڈرنگ پراسس اور دیگر امور کا آغاز کریں، انہوں نے اس ضمن میں محکموں کو ٹائم فریم بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں پر عملدرآمد کے فوری آغاز میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہونے دی جائے، اور طے پائے جانے والے ٹائم فریم پر عملدرآمد میں کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ جام کمال خان نے کہا کہ بجٹ میں مالی و انتظامی اختیارات کی عدم مرکزیت کی پالیسی اور اداروں کے بجٹ کی منیجمنٹ کو بہتر بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہتر مینجمنٹ سے ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر محکموں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور مسائل کا فوری حل ممکن ہو سکے گا، خاص طور سے صحت کے شعبہ میں مالی اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سے صحت کے اداروں میں بہتر سہولتوں کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ دستیاب مالی وسائل کے صحیح مصرف اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہی کے ذریعہ بجٹ کو عملی طور پر کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ کا سراہا جانا نہایت خوش آئند ہے، بجٹ سے وابستہ عوامی توقعات پر پورا اترنا ہی ہماری اصل کامیابی ہوگی، اجلاس میں شریک ترقیاتی محکموں کے سیکرٹریوں نے یقین دلایا کہ وزیراعلی کی جانب سے دی گئی گائیڈ لائنز اور ہدایات پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
 
خبر کا کوڈ : 800977
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش