QR CodeQR Code

امریکہ کا پاکستان کو سی پی سی لسٹ میں شامل کرنا جارحیت ہے، اشرف جلالی

23 Jun 2019 18:05

ٹی ایس ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ کا پاکستان سے مذہبی آزادی کے لحاظ سے مزید اقدامات کرنے اور اس سلسلہ میں باقاعدہ ”مندوب“ کے تعیّن کے بارے میں مطالبہ پاکستان کی خودمختاری پر شدید حملہ ہے۔ ہمارے مذہب کے مطابق اقلیتوں کو اس قدر ہی مذہبی آزادی دی جا سکتی ہے جس قدر ہمارا مذہب اسلام اجازت دیتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک صراط مستقیم کے سربراہ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کے پاکستان میں مذہبی آزادی کے بارے میں آج اخبارات میں چھپنے والے بیان پر شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کا پاکستان کو سی پی سی (CPC) (خصوصی نگہداشت کی لسٹ) میں شامل کرنا جارحیت ہے۔ امریکی وزیر خارجہ کا پاکستان سے مذہبی آزادی کے لحاظ سے مزید اقدامات کرنے اور اس سلسلہ میں باقاعدہ ”مندوب“ کے تعیّن کے بارے میں مطالبہ پاکستان کی خودمختاری پر شدید حملہ ہے۔ ہمارے مذہب کے مطابق اقلیتوں کو اس قدر ہی مذہبی آزادی دی جا سکتی ہے جس قدر ہمارا مذہب اسلام اجازت دیتا ہے، چنانچہ اقلیتوں کو پاکستان میں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ اس سے آگے کے امریکی مطالبات ہمارے مذہب میں مداخلت ہے جسے کبھی بھی برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ امریکی وزیرِ خارجہ کا 295C کے غلط استعمال کے بارے میں بیان حقیقت کے بالکل برعکس ہے۔ دراصل آزادی اظہار کی آڑ میں توہینِ رسالت امریکی ایجنڈا ہے، ہمارے حکمرانوں کو یہ سمجھ لینا چاہیئے کہ امریکہ سرے سے توہینِ رسالت کی سزا قتل ماننے کو تیار ہی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 295C کے غلط استعمال کا نعرہ امریکہ کا ایک بہانہ ہے، حقیقت میں وہ 295C کو ہی ختم کرنا چاہتا ہے جس کی ہم پُر زور مزاحمت کریں گے۔ یاد رکھیں 295C پاکستانی قانون بعد میں ہے اور قرآنی قانون پہلے ہے، توہینِ رسالت کی سزا قتل ہے اگرچہ اسے 295C کہا جائے یا نہ کہا جائے۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا آسیہ ملعونہ کے بعد دیگر چالیس سے زائد گستاخوں کے رہا کرنے کا امریکی مطالبہ بہت بڑا ظلم ہے، یہ کیسے ممکن ہے کہ جیلوں میں بند توہینِ رسالت کے ملزموں میں کسی ایک نے بھی گستاخی نہ کی ہو۔ انہوں نے کہا حکمران امریکی دباؤ کو مسترد کر دیں۔ امریکہ گستاخوں کی رہائی سے پاکستان میں خانہ جنگی کروانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا امریکی وزیر کا آسیہ ملعونہ کی رہائی کی خبر کو سال کی سب سے بڑی اچھی خبر قرار دینا مسلمانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔


خبر کا کوڈ: 801040

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/801040/امریکہ-کا-پاکستان-کو-سی-پی-لسٹ-میں-شامل-کرنا-جارحیت-ہے-اشرف-جلالی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org