0
Sunday 23 Jun 2019 13:06

کے پی کے، جنوبی اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین کا اسپیکر ڈیسک کے سامنے احتجاج

کے پی کے، جنوبی اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین کا اسپیکر ڈیسک کے سامنے احتجاج
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں جنوبی اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین نے اسپیکر ڈیسک کے سامنے کھڑے ہوکر ہاتھوں کی زنجیر بناتے ہوئے بجٹ میں نظرانداز کئے جانے کے خلاف انوکھا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ ضلع کرک سے ایم ایم اے کے رکن میاں نثارگل کاکاخیل نے صوبائی بجٹ پر بحث کے دوران گلہ کیا کہ ہر دور میں جنوبی اضلاع کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک ہوا ہے اور مالی سال 2019-20ء کے صوبائی بجٹ میں جنوبی اضلاع کو یکسر نظرانداز کیا گیا ہے، اسکے علاوہ رائلٹی کی مد میں بھی ہمیں ہمارے حق سے محروم رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی اضلاع کے قدرتی وسائل سے مقامی علاقوں کی بجائے پورا ملک فائدہ اُٹھا رہا ہے اگر بجٹ کے پاس ہونے تک جنوبی اضلاع بالخصوص کوہاٹ ڈویژن کو اپنے حقوق نہ دیئے گئے تو دھرنا دیکر جنوبی اضلاع سے فراہم کی جانے والی خام تیل اور گیس کی فراہمی کو بند کردیں گے۔ اپنی تقریر کے اختتام پر رکن میاں نثار گل اسمبلی ڈیسک کے آگے کھڑے ہوگئے جس کا ساتھ دیتے ہوئے جنوبی اضلاع کے دیگر ایم پی ایز احمد کریم کنڈی، محمود بیٹنی، لطف الرحمٰن اور شیراعظم وزیر بھی انکے پاس پہنچ گئے، جنہوں نے ہاتھوں کی زنجیر بناتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزراء سلطان محمد اور تیمور سلیم جھگڑا اپنی نشستوں سے اُٹھے اور ناراض ایم پی ایز سے اپنی نشستوں پر بیٹھنے کی درخواست کی جس کے بعد جنوبی اضلاع کے ایم پی ایز واپس اپنی نشستوں پر بیٹھ گئے۔
خبر کا کوڈ : 801066
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش