QR CodeQR Code

یمنی فوج کا سعودی ائیرپورٹ پہ ایک اور کامیاب حملہ، امریکی دفاعی نظام ناکارہ نکلا

24 Jun 2019 17:40

سعودی عرب میں نصب کردہ امریکی دفاعی نظام کے متعلق پینٹا گان کا ملٹری انڈسٹریل کمپلیکس یہ دعویٰ کرتا ہے کہ یہ ناقابل تسخیر دفاعی نظام ہے کہ جسے کسی بھی میزائل یا راکٹ حملے سے زیر نہیں کیا جا سکتا تاہم یہ امر باعث حیرت ہے کہ امریکہ کا یہ دفاعی نظام پسماندہ ملک یمن کی فوج کے جوابی حملے بھی نہیں روک پا رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب کی سربراہی میں کثیر ملکی اتحادی افواج کی یمن پہ یلغار جاری ہے مگر یمنی افواج کی ثابت قدمی اور جنگی مہارت کے سامنے حملہ آور افواج بے بس ہیں۔ سعودی عرب جو کہ مہنگے امریکی اسلحہ کا بڑا خریدار ہے، مکمل طور پر امریکی دفاعی نظام پہ انحصار کر رہا ہے۔ سعودی عرب میں نصب کردہ امریکی دفاعی نظام کے متعلق پینٹا گان کا ملٹری انڈسٹریل کمپلیکس یہ دعویٰ کرتا ہے کہ یہ ناقابل تسخیر دفاعی نظام ہے کہ جسے کسی بھی میزائل یا راکٹ حملے سے زیر نہیں کیا جا سکتا تاہم یہ امر باعث حیرت ہے کہ امریکہ کا یہ دفاعی نظام پسماندہ ملک یمن کی فوج کے جوابی حملے بھی نہیں روک پا رہا ہے۔ جس سے اس تاثر کو تقویت مل رہی ہے کہ سعودی عرب کثیر سرمایہ خرچ کرنے کے باوجود بھی امریکہ سے کارآمد دفاعی آلات نہیں خرید سکا۔ جس کا ایک ناقابل تردید ثبوت یمنی ملیشیا کا سعودی ائیرپورٹ پہ حالیہ حملہ ہے۔ سعودی شہر ابہا کے ایئر پورٹ پر رات مقامی وقت کے مطابق 9:10 بجے یمنی فوج کی جانب سے میزائل فائر کیا گیا، جس کے نتیجے میں وہاں موجود ایک شخص جاں بحق اور سات زخمی ہوئے۔ مرنے والے شخص کا تعلق شام سے بتایا جاتا ہے۔ اس حملے کی خبر سعودی عرب کے زیر اہتمام فوجی اتحاد کے ترجمان کرنل تُرکی المالکی نے دی۔ تُرکی المالکی نے بتایا کہ رات کو یمنی فوج نے یمن سے سعودی عرب کے ابہا ایئر پورٹ کو نشانہ بنایا، اس وقت وہاں سینکڑوں غیر مُلکی اور مقامی افراد موجود تھے۔ اس میزائل حملے کی زد میں آ کر ایک شخص زندگی سے محروم ہو گیا۔ جبکہ سات افراد زخمی ہوئے۔ سعودی ٹی وی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس حملے کے بعد کچھ گھنٹوں کے لیے مقامی اور بین الاقوامی پروازیں روک دی گئی تھیں تاہم اب یہاں پر جہازوں کی آمد و رفت کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور تمام فلائٹس شیڈول کے مطابق روانہ ہو رہی ہیں۔ اس سے قبل 12 جُون کو بھی یمنی فوج کی جانب سے ایک میزائل ابہا ایئرپورٹ پر فائر کیا گیا تھا جس سے وہاں کے ایک ہال میں موجود 26 افراد زخمی ہو گئے تھے جن میں تین خواتین اور دو بچے بھی شامل تھے۔ ان زخمیوں کا تعلق مختلف ممالک سے تھا۔ 12 جُون کے اس حملے کے بعد یمنیوں نے پانچ ڈرونز سے دوبارہ ایئر پورٹ کو نشانہ بنایا تھا۔ 


خبر کا کوڈ: 801240

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/801240/یمنی-فوج-کا-سعودی-ائیرپورٹ-پہ-ایک-اور-کامیاب-حملہ-امریکی-دفاعی-نظام-ناکارہ-نکلا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org