0
Monday 24 Jun 2019 19:30

تحریک انصاف نے فریال تالپور کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی

تحریک انصاف نے فریال تالپور کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف سندھ نے پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی۔ درخواست پاکستان تحریک انصاف سندھ اسمبلی کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ اور اراکین سندھ اسمبلی ارسلان تاج، رابعہ اظفر نے آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت صوبائی الیکشن کمشنر کے پاس جمع کروائی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ  آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت فریال تالپور کو نااہل قرار دیا جائے، اس آرٹیکل کے تحت فریال تالپور صادق و امین نہیں رہی ہیں، فریال تالپور نے اپنے مکمل اثاثے ظاہر نہیں کئے فریال تالپور کی شہدادکوٹ اور ضلع لاڑکانہ میں جائیدادیں ہیں، فریال تالپور نے الیکشن کمیشن سے اپنے اثاثوں کو چھپایا ہے، فریال تالپور جعلی اکاونٹس منی لانڈرنگ اور کرپشن میں ملوث ہیں، فریال تالپور اسمبلی میں رکنیت کی اہل نہیں ہیں، فریال تالپور کو نااہل قرار دیا جائے۔ صوبائی الیکشن کمیشن کی آفس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پورے سندھ کو کیک سمجھا ہوا ہے، انہیں اب کیک کھانے نہیں دینگے، فریال کی جائیداد سامنے آئی ہے جس کے خلاف ہم نے درخواست جمع کروائی ہے، پیپلز پارٹی چوروں اور لٹیروں کی جماعت ہے، بلاول کو پہلے معصوم سمجھا جاتا تھا لِیکن وہ بھی معصوم نہیں ہیں، بے نظیر کی بیٹیاں پورے پاکستان کی بیٹیاں ہیں، جب بلاول کے اکاونٹ میں تھر کے معصوم بچوں کے علاج کے پیسے چوری ہوکر آرہے تھے تب بلاول کو کیوں عوام کا خیال نہیں آیا، اس وقت سندھ کی غریب بہنوں کے آنسو کا خیال کیوں نہیں آیا؟ سندھ کے حکمران 2018ء میں 22 ارب کھا چکے ہیں، 30 سال میں بھی بلاول کو شیروانی نصیب نہیں ہوئی، پِیپلز پارٹی نے اپنی خواتین کو اسمبلی میں گندی باتوں میں لگا دیا ہے۔

حلیم عادل شیخ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں صحت کا بجٹ اٹھارہ ارب بڑھایا گیا ہے، ایڈز بھی بجیٹ کی طرح بڑھ رہا ہے اور پورا سندھ اسکی لپیٹ مین آچکا ہے، سندھ کے وزراء نے زکواۃ، معذور افراد کی امدادی رقم یہاں تک کہ یتیموں کے پیسے بھی نہیں چھوڑے، پیپلز پارٹی کی سندھ میں کون کون سے نعمتوں سے انکار کرو گے، رپورٹ کے مطابق 80 فیصد سندھ کی عوام گندا پانی پیتے ہیں، پانچ ہزار سے زائد سندھ میں سرکاری اسکول بند پڑے ہیں،  70 فیصد سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں غریب عوام کو ادویات نہیں ملتیں،  سب سے زیادہ تباہ حال سڑکیں سندھ کی ہیں، سب سے زیادہ آلودگی سندھ میں ہے، گزشتہ گیارہ سالوں میں سندھ کے جنگلات کاٹے گئے جنگلات کی زمینوں پر قبضے کئے گئے، سندھ میں آج بھی ایف آئی آر وڈیروں کے کہنے پر کاٹی جاتی ہے، آج کی تاریخ تک سندھ حکومت نے کسی بھی وزیر مشیر کو کرپشن میں نہیں ہٹایا، ان کے حساب سے سندھ میں کرپشن ہوئی نہیں ہے۔ پی ٹی آئی رکن سندھ ارسلان تاج گھمن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فریال تالپور نے آمدن سے زائد اثاثے بنائے اور انہیں چھپایا، فریال تالپور کی نااہلی کے لئے اسپیکر اسمبلی کو درخواست دی تھی، اگر اسپیکر سندھ اسمبلی غیر جانبداری کا مظاہرہ کریں تو 30 دن میں فریال تالپور کو نااہل کردیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 801264
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش