QR CodeQR Code

بلاول بھٹو نے سلیکٹڈ کے ایک لفظ میں عمران خان کی پوری سیاست کو سمو دیا، شیری رحمان

24 Jun 2019 19:30

سلیکٹڈ لفظ کے قومی اسمبلی میں استعمال پر پابندی پر ردعمل دیتے ہوئے پی پی رہنما نے کہاکہ عمران خان کو سلیکٹ کرنے والوں نے انہیں پہلے میانوالی کا کونسلر بنوا دیا ہوتا، تو آج ملک کی یہ حالت نہ ہوتی۔ جس شخص کی کونسلر کی سیٹ جیتنے کی اہلیت نہ ہو وہ وزیراعظم سلیکٹ ہو جائے تو ملک تو تباہ حال ہی ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان اگر سلیکٹڈ نہیں ہیں تو اس لفظ پر پابندی کیوں لگوا رہے ہیں؟ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زبان سے ادا ہونے والا سلیکٹڈ کا لفظ عمران خان کی پہچان بن گیا ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سلیکٹڈ کے لفظ پر کل تالیاں بجائی تھیں اور آج قومی اسمبلی میں اس پر پابندی لگوا دی ہے۔ سلیکٹڈ لفظ کے قومی اسمبلی میں استعمال پر پابندی پر ردعمل دیتے ہوئے شیری رحمان کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ کے لفظ پر پابندی لگوانا دراصل عمران خان کے دل کا چور ہے، اپنے حریفوں کو چور اور ڈاکو کہنے والے عمران خان کا لفظ سلیکٹڈ سے اتنا خوف مضحکہ خیز ہے۔ شیری رحمان نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سلیکٹڈ کے ایک لفظ میں عمران خان کی پوری سیاست کو سمو دیا ہے، عمران خان جتنی پابندیاں لگالیں، عوام جانتے ہیں کہ ان کا وزیراعظم سلیکٹڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سلیکٹ کرنے والوں نے انہیں پہلے میانوالی کا کونسلر بنوا دیا ہوتا، تو آج ملک کی یہ حالت نہ ہوتی۔ جس شخص کی کونسلر کی سیٹ جیتنے کی اہلیت نہ ہو وہ وزیراعظم سلیکٹ ہو جائے تو ملک تو تباہ حال ہی ہوگا۔
 


خبر کا کوڈ: 801265

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/801265/بلاول-بھٹو-نے-سلیکٹڈ-کے-ایک-لفظ-میں-عمران-خان-کی-پوری-سیاست-کو-سمو-دیا-شیری-رحمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org