0
Monday 24 Jun 2019 23:46

افغان صدر اشرف غنی 27 جون کو پاکستان پہنچیں گے

افغان صدر اشرف غنی 27 جون کو پاکستان پہنچیں گے
اسلام ٹائمز۔ افغانستان کے صدر اشرف غنی رواں ہفتے دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ ذرائع کے مطابق افغان صدر اپنے دو روزہ دورے کے پہلے روز 27 جون کو وزیراعظم عمران خان اور دیگر اعلٰی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ افغان صدر اپنے دورہ پاکستان کے دوسرے روز لاہور روانہ ہوں گے، جہاں وہ لاہور کی بادشاہی مسجد میں نماز جمعہ ادا کریں گے۔ اشرف غنی وزیراعظم پاکستان عمران خان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے گذشتہ ماہ ٹیلیفونک گفتگو میں افغان صدر کو پاکستان آنے کی دعوت دی تھی۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان چند روز قبل سعودی عرب میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے پرامن اور مستحکم افغانستان کے عزم کو دہرایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے سیاسی حل کے لئے صرف افغانوں کی شمولیت والا امن عمل ناگزیر ہے۔ عمران خان نے جنوبی ایشیا کی ترقی پر اپنا نقطہ نظر بھی افغان صدر کو بتایا تھا، جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان سکیورٹی، تجارت اور انرجی سمیت کئی دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق رائے ہوا تھا۔ وزیراعظم نے اس امر کا بھی اظہار کیا تھا کہ افغانستان میں قیام امن سے خطے کا امن جڑا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ملک میں قیام امن کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 801321
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش