QR CodeQR Code

کے پی میں ضم علاقوں کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرینگے، عمران خان

25 Jun 2019 12:21

سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان سے ملاقات کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ضم ہونیوالے علاقوں کے عوام نے عظیم قربانیاں دی ہیں اور بے شمار مشکلات کا سامنا کیا ہے، ضم ہونیوالے علاقوں کی ترقی کیلئے بجٹ میں 83 ارب رکھے ہیں، ترقیاتی منصوبے عوام کو درپیش مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہونگے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے اس عزم کو دہرایا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے علاقوں کے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان سے پیر کو اسلام آباد میں فاٹا کے خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے علاقوں سے تعلق رکھنے والے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان نے ملاقات کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کو قبائلی عوام کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے، سابقہ فاٹا کے علاقوں کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضم ہونے والے علاقوں کے عوام نے عظیم قربانیاں دی ہیں اور بے شمار مشکلات کا سامنا کیا ہے، ضم ہونے والے علاقوں کی ترقی کیلئے بجٹ میں 83 ارب رکھے ہیں، ترقیاتی منصوبے عوام کو درپیش مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوں گے۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان نے قبائلی علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی، عمران خان نے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد میں عوامی نمائندوں کو شامل کرنے اور ان کی ترجیحات پر غور کرنے کی ہدایت کردی۔ سینیٹرز اور ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو وفاقی ایکسائز ڈیوٹی کے معاملے پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے تحفظات پر غور کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 801408

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/801408/کے-پی-میں-ضم-علاقوں-عوام-سے-کئے-گئے-وعدے-پورے-کرینگے-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org