QR CodeQR Code

پہلے سڑک پھر شندور میلہ، چترال میں احتجاجی تحریک شروع

25 Jun 2019 12:32

احتجاج میں شریک عمائدین نے مطالبات پورے نہ ہونے پر جشن شندور کیلئے روڈ بند کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اسکی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی کیونکہ عوام کے پاس اپنے بنیادی حقوق کے حصول کیلئے احتجاجی تحریک کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع چترال میں ہر سال شندور میلہ منعقد ہوتا ہے جو دنیا بھر کیلئے توجہ کا باعث بنتا ہے، مگر اس میلے تک جانے والی سڑک کی صورتحال انتہائی خراب ہے، جس کے باعث چترال کے عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پہلے سڑک تعمیر کی جائے، اس کے بعد میلے کا انعقاد کیا جائے۔ اس سلسلے میں اپر چترال کے علاقے مستوج، لاسپور اور یار خون کے عوام نے احتجاجی تحریک کا آغاز کردیا ہے۔ احتجاجی تحریک کی ایڈوائزری کونسل کے چیئرمین قاضی احتشام الدین کی زیر قیادت اس احتجاج میں علاقہ عمائدین، منتخب مقامی نمائندوں، سیاسی و سماجی کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مظاہرین نے بونی مستوج اور شندور روڈ کی تعمیر مکمل ہونے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا اور ضلعی انتظامیہ پر یہ واضح کیا کہ پُرامن احتجاج کے طور پر روز ایک گھنٹہ روڈ بلاک کیا جائے گا تاکہ حکومت ہوش کے ناخن لے۔

مظاہرین نے کہا کہ کل سے روڈ بلاک کا دورانیہ بڑھایا جائے گا اور مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں مستقل روڈ بلاک کیا جائے گا۔ احتجاج میں شریک عمائدین نے مطالبات پورے نہ ہونے پر جشن شندور کیلئے روڈ بند کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اس کی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی کیونکہ عوام کے پاس اپنے بنیادی حقوق کے حصول کیلئے احتجاجی تحریک کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ انہوں نے حکومت سے اسفتسار کیا کہ ہر سال شندور فیسٹیول کا انعقاد ہوتا ہے جس کیلئے کروڑوں کے فنڈز مختص ہوتے ہیں مگر شندور تک پہنچنے کیلئے سڑک کی حالت بہتر کیوں نہیں بنائی جاتی؟۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا کے محکمہ سیاحت نے 7 جولائی سے تین روزہ شندور پولو فیسٹیول کا اعلان کیا ہے، جس میں ہرسال کی طرح سیاسی و عسکری شخصیات کے علاوہ غیرملکی سیاح بھی شرکت کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 801409

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/801409/پہلے-سڑک-پھر-شندور-میلہ-چترال-میں-احتجاجی-تحریک-شروع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org