QR CodeQR Code

ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد حل مڈٹرم انتخابات ہیں، احسن اقبال

25 Jun 2019 13:47

نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن رہنماء کہا ہے کہ حکومت نے اپنی نااہلی ثابت کر دی ہے، پاکستان تحریک انصاف نے ایک سال میں ہی قرض لینے کا سب جماعتوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، اس کے باوجود ملک بحران کا شکار ہو گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنماء احسن اقبال نے نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے اپنی نااہلی ثابت کر دی ہے اور اب ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد حل مڈٹرم انتخابات ہیں۔ حکومت ایک سال میں لیے گئے سب سے زیادہ قرضوں کا حساب دے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ایک سال میں ہی قرض لینے کا سب جماعتوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے، اس کے باوجود ملک بحران کا شکار ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے نیک نیتی کی بنیاد پر حکومت کو میثاق معیشت کی پیش کش کی لیکن اگر ہماری مخلصانہ پیشکش پر حکومت کو شک ہے تو ہم کچھ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ عمران خان حزب اختلاف کو ساتھ لے کر چلنا ہی نہیں چاہتے اور کوئی بھی فرد، پارٹی یا ادارہ تنہا ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کر سکتا، ہمیں مل کر ملک کو بحران سے نکالنا ہو گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ قرضوں پر بنایا گیا کمیشن عمران خان کا سیاسی ایجنڈا ہے کیونکہ اس میں متعلقہ اداروں کے افراد شامل ہی نہیں، یہ اصل میں جے آئی ٹی بنائی گئی ہے جس میں صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شامل کیا گیا ہے۔ مسلم لیگی رہنما نے نون لیگ میں گروپ بندی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی پارٹی میں اختلاف رائے ہو سکتا ہے، مریم نواز حکومت کے خلاف بھر پور احتجاج کی رائے رکھتی ہیں لیکن شہباز شریف نہیں، تاہم اس کا فیصلہ پارٹی اجلاس میں باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔ مسلم لیگی رہنما نے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ 26 تاریخ کو اس میں حزب اختلاف کی تمام جماعتیں شریک ہو رہی ہیں جس کا ایک نکاتی ایجنڈہ معاشی بحران ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 801418

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/801418/ملک-کو-بحران-سے-نکالنے-کا-واحد-حل-مڈٹرم-انتخابات-ہیں-احسن-اقبال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org