0
Tuesday 25 Jun 2019 22:09

خان صاحب اپنی حکومت کی بھی جانچ پڑتال کریں اور تحقیقات اپنے گھر سے شروع کریں، مرتضیٰ وہاب

خان صاحب اپنی حکومت کی بھی جانچ پڑتال کریں اور تحقیقات اپنے گھر سے شروع کریں، مرتضیٰ وہاب
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات قانون و اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز فاران پر پی ٹی آئی رہنما کے حملے کی مذمت کرتے ہیں، پیپلز پارٹی نے صحافیوں کے بنیادی حق کو ہمیشہ تسلیم کیا ہے، تحریک انصاف کا رویہ ماضی میں بھی اسی طرز کا تھا، بدتمیزی اور گالم گلوچ کے رجحان کی ڈور پی ٹی آئی قیادت سے ملتی ہے، عمران خان نیازی اپنے گریبان پر نظر ڈالیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی میں میڈیا کارنر پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت تاحال بجٹ پاس نہیں کرا سکی ہے، بلاول بھٹو کے بیانیے کیساتھ اب خود پی ٹی آئی کے اپنے رہنما کھڑے ہیں، پی ٹی آئی کے باشعور لیڈرز عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے مسائل پر آواز بلند کریں، تحریک انصاف نے ایک اور منی بجٹ کی تیاری شروع کردی ہے، وفاقی حکومت نے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس بڑھا دیا ہے، یہ کیسی مدینے کی ریاست ہے کہ غریب سے ٹیکس اور امیروں کو ٹیکس چھوٹ دی جا رہی ہے، پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کا بجٹ پیش کیا، امیر کو مراعات دیکر غریب کو ٹیکس کی چکی میں پیسا گیا، وفاقی حکومت نے منی بجٹ لاتے ہوئے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے، خان صاحب کے سہانے خوابوں کے برعکس حقیقت کچھ اور ہے، ان کا مقصد اپوزیشن کو ہراساں کرنا اور زبان بندی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دس ماہ میں تحریک انصاف کی ناکام حکومت نے گیارہ ارب ڈالر کا قرض لیا ہے، خان صاحب اپنی حکومت کی بھی جانچ پڑتال کریں اور تحقیقات اپنے گھر سے شروع کریں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ خان صاحب دوسروں پر الزامات لگاتے ہیں جبکہ اسٹیٹ بینک نے پی ٹی آئی کے بینک اکاونٹس کی تفصیلات جاری کی ہیں، پی ٹی آئی کے اٹھارہ بینک اکاونٹس ظاہر شدہ نہیں، یہ کونسی منی لانڈرنگ ان بینک اکاونٹس کے ذریعے ہورہی تھی؟ خان صاحب کے ہتھکنڈوں سے اپوزیشن گھبرانے والی نہیں، ایک ایک وعدہ خلافی کا احتساب ہوگا اب ہم بھاگنے نہیں دیں گے۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ نیازی صاحب آپ کرکٹ ٹیم کو مشورہ دینے سے گریز کریں، آپکے پاس عوام کو مشکلات سے نکالنے کے لئے کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے شبر زیدی صاحب قابل احترام شخصیت ہیں، پیشے کے اعتبار سے شبر زیدی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں، ماضی میں شبر زیدی نے بڑی کمپنیوں کو ٹیکس کی چھوٹ کے حوالے سے ترغیب دی، پچھلے دس ماہ میں خان صاحب ٹیکس وصول نہیں کر پائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیسا وزیراعظم ہے جو طعنہ زنی میں مصروف ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک خیالی پلا ہے، سید مراد علی شاہ ہی سندھ کے وزیراعلیٰ رہیں گے۔ علاوہ ازیں صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر مرتضی وہاب سے صحافیوں کے ایک وفد نے سندھ اسمبلی میں ملاقات کی اور انہیں کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز فاران پر پی ٹی آئی کے رہنما مسرور سیال کے تشدد کے واقعے سے آگاہ کرتے ہوئے اپنا شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔
خبر کا کوڈ : 801497
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش