0
Tuesday 25 Jun 2019 23:40

مذہبی منافرت کے خاتمے کیلئے پاکستان کا 6 نکاتی ایجنڈا اقوام متحدہ میں پیش

مذہبی منافرت کے خاتمے کیلئے پاکستان کا 6 نکاتی ایجنڈا اقوام متحدہ میں پیش
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے اقوام متحدہ میں دنیا بھر میں نسل پرستی میں اضافے اور مذہب و عقیدے کی بنیاد پر پرتشدد کے واقعات خاص طور پر اسلاموفوبیا کے خاتمے کے لئے 6 نکاتی حل تجویز کیا ہے۔ ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق یہ منصوبہ اقوام متحدہ کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے دہشت گردی اور مذہب اور عقیدے کی بنیاد پر دیگر پُرتشدد واقعات کے خاتمے سے متعلق تقریب میں پیش کیا تھا۔ تقریب کا اہتمام اقوام متحدہ میں پاکستان نے ترکی کے تعاون سے کیا تھا۔ ملیحہ لودھی نے تقریر کے دوران کہا کہ اسلامو فوبیا میں اضافہ بہت خطرناک ہے، جو قدیم منافرت میں حالیہ اضافے کی نمائندگی کرتا ہے، جس کی وجہ سے یہود مخالف، نسل پرستی جیسے تفرقات پیدا ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے 6 نکات پیش کئے گئے:

1۔ ممالک کی جانب سے نسل پرستی اور عقیدے پر مبنی منافرت سے متعلق قانون 2۔ نفرت انگیز تقاریر اور منفی پروپیگنڈے سے بچاؤ کے لئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی نگرانی۔
3۔ اسلامو فوبیا کے خاتمے کے لئے "توجہ مرکوز کرنے کی حکمت عملی"
4۔ مذہبی نفرت کی بنیادی وجوہات کی نشاندہی کے لئے تحقیق میں سرمایہ کاری میں اضافہ۔
5۔ خواتین اور نوجوانوں کے کردار میں اضافہ۔
6۔ تعلیم میں سرمایہ کاری میں اضافہ۔

ملیحہ لودھی نے ان مسائل کے لئے حکومتوں کی جانب سے قانون تشکیل دینے کی ضرورت کی نشاندہی کی، انہوں نے اس بات پر بھی اصرار کیا کہ ٹیکنالوجی کمپنیاں ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو اشتعال انگیز مواد اور منفی پروپیگنڈے کا ذریعہ بننے سے روکیں۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مندوب نے کہا کہ اسلاموفوبیا کا خاتمہ، مرکوز حکمت عملی کے ذریعے ہونا چاہیئے، کیونکہ معاشی کشیدگی کی وجہ سے مغرب میں موجود مسلمان تارکین وطن اور مہاجرین کی زندگی خطرے میں پڑجاتی ہے، جو ان ممالک کی سماجی ہم آہنگی کے لئے بھی خطرہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذہبی منافرت اور اس سے پیدا ہونے والے تشدد کی بنیادی وجوہات کا تجزیہ کرنے کے لئے تحقیق کے میدان میں سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ملیحہ لودھی نے روادار معاشرے کی تشکیل کے لئے خواتین اور نوجوانوں کے کردار کو لازمی قرار دیا، انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے میدان میں سرمایہ کاری میں اضافہ اہم ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 801509
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب