0
Wednesday 26 Jun 2019 11:15

نواز شریف کو نکلنے کا محفوظ راستہ دینے کے لیے کسی بھی ملک نے کوئی رابطہ نہیں کیا، عمران خان

نواز شریف کو نکلنے کا محفوظ راستہ دینے کے لیے کسی بھی ملک نے کوئی رابطہ نہیں کیا، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ العزیزیہ ریفرنس میں زیرحراست سابق وزیراعظم نواز شریف کو نکلنے کا محفوظ راستہ دینے کے لیے کسی بھی ملک نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار پارلیمنٹ ہاؤس میں حکمراں جماعت تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمنٹری کمیٹی کی صدارت کے دوران کیا۔ اس موقع پر بعض شرکاء نے وفاقی بجٹ 20-2019 پر تحفظات کا اظہار کیا کہ مذکورہ بجٹ متوسط طبقے کے لیے مزید معاشی مشکلات کا باعث بنے گا۔ اجلاس میں موجود ذرائع نے بتایا کہ دوران اجلاس وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کو ریلیف دینے کے لیے کسی بھی ملک نے رابطہ نہیں کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے زور دیا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کو این آر او جیسی کسی بھی دوسری سہولت فراہم نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نواز شریف کو این آراو نہیں دیں گے اور سابق حکمرانوں سے ہرحال میں لوٹی ہوئی رقم واپس لائیں گے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتیں دباؤ ڈال کر نواز شریف کے لیے این آر او چاہتی ہیں۔ واضح رہے کہ بعض نجی چینلز نے رپورٹ کیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس میں کہا تھا سعودی حکومت نے نوازشریف کے لیے این آر او دینے کے لیے نہیں کہا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ امید کررہے تھے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نواز شریف کے بارے میں بات کریں گے لیکن ترک صدر نے بھی ایسی کوئی بات نہیں کی۔

اجلاس میں پی ٹی آئی کے بعض رہنماؤں نے وزیراعظم عمران خان سے بجٹ 20-2019 میں متوسط طبقے کے لیے کچھ ریلیف دینے کا مشورہ دیا۔ جس پر عمران خان نے آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ایسا بجٹ بناچاہیے جس سے متوسط طبقے کو فائدہ پہنچے جو ہمارے ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے چیف مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے وفاقی حکومت میں آج آل پارٹی کانفرنس کا لائحہ عمل تیار کریں گے۔ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے اعتماد کا اظہار کیا کہ سابق حکمرانوں کی کرپشن کی وجہ سے عوام سڑکوں میں نہیں نکلیں گے۔
خبر کا کوڈ : 801593
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش