0
Wednesday 26 Jun 2019 11:35

اپوزیشن کے ناتواں کندھے مولانا فضل الرحمٰن کی سیاسی محرومی کا بوجھ اٹھانے کو تیار نہیں، فردوس عاشق اعوان

اپوزیشن کے ناتواں کندھے مولانا فضل الرحمٰن کی سیاسی محرومی کا بوجھ اٹھانے کو تیار نہیں، فردوس عاشق اعوان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے آج ہونے والی اپوزیشن کی کُل جماعتی کانفرنس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اسلام آباد میں ایجوکیشن ایکسپو کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن پر تنقید کی کہ اپوزیشن کی تحریک ان کے سینے میں ہی دم توڑ جائے گی۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کُل جماعتی کانفرنس کی قیادت کرنے والے مولانا فضل الرحمٰن پہلی بار اقتدار سے باہر ہونے کا درد محسوس کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مفادات کی قیدی قیادت ہر مرتبہ مولانا کو بلا کر ان کی کرسی کھینچ لیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب سے دلی ہمدردی ہے، کیونکہ اپوزیشن کے ناتواں کندھے ان کی سیاسی محرومی کا بوجھ اٹھانے کو تیار نہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، اپوزیشن کو اپوزیشن سے خطرہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اے پی سی کاٹھ کی ہنڈیا ہے، بیچ چوراہے پھوٹے گی تاہم مولانا فضل الرحمٰن کے اس منصوبے کا نتیجہ وہی نکلے گا، جو ان کے الیکشن ایڈونچر کا نکلا تھا۔ واضح رہے کہ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں اپوزیشن کی کُل جماعتی کانفرنس آج اسلام آباد میں ہوگی، جس میں مسلم لیگ (ن) کا 10 رکنی وفد، پیپلز پارٹی کا 5 رکنی وفد اور دیگر جماعتوں کے رہنما بھی شرکت کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 801596
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش