0
Wednesday 26 Jun 2019 11:52

پنجاب فوڈ اتھارٹی کا مضر صحت کیمیکلز سے پھلوں کو پکانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن

پنجاب فوڈ اتھارٹی کا مضر صحت کیمیکلز سے پھلوں کو پکانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن
اسلام ٹائمز۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مضر صحت کیمیکلز سے پھلوں کو پکانے والوں کے خلاف صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن کیا ہے۔ 35 فروٹ منڈیوں میں موجود ایک ہزار 262 کلو کیمیکل زدہ آم تلف کر دیئے گئے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیاکہ تلف کئے گئے پھلوں کو جلدی پکانے کے لیے ممنوعہ کیلشیم کاربائیڈ کا استعمال کیا گیا تھا۔ ڈائریکٹر جنرل (ڈی  جی) فوڈ اتھارٹی کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے کہا ہے کہ لاہور زون کی 11 منڈیوں کے 114، راولپنڈی زون میں 125 جبکہ ملتان زون کی 13منڈیوں کے91 اسٹالز کی چیکنگ کی گئی۔ کل 330 اسٹالز کی چیکنگ، ناقص پھل تلف، 105سٹالز کو اصلاحی نوٹسز جاری کئے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق مضر صحت کیمیکل کے عدم استعمال بارے آگاہی پھیلانے کیلئے پھلوں کے کاروبار سے منسلک افراد کے لئے 443 سیمینار بھی کروائے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موسم گرما میں آم کی زیادہ مانگ کے وجہ سے پھل کو جلد پکانے کیلئے کیلشیئم کاربائیڈ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ کیلشیئم کاربائیڈ میں موجود آرسینک اور فاسفورس کے ذرات کینسر سمیت متعدد بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ جدید ممالک کی طرح پھلوں کو پکانے کیلئے ایتھالین گیس کا استعمال انسانی صحت کیلئے محفوظ ہے۔ گرمیوں میں کیلشیم کاربائیڈ سے پکائے جانے والے پھلوں کی صورت میں زہر بیچنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کا مشن “محفوظ خوراک، صحت مند پنجاب” کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھا رہے ہیں۔ معیاری پھلوں کی فراہمی اور مضر صحت اشیاء کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
 
خبر کا کوڈ : 801616
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش