0
Wednesday 26 Jun 2019 20:36

عمران حکومت کی معاشی دہشتگردی کے باعث ڈالر 160 روپے تک پہنچ چکا ہے، سعید غنی

عمران حکومت کی معاشی دہشتگردی کے باعث ڈالر 160 روپے تک پہنچ چکا ہے، سعید غنی
اسلام ٹائمز۔ وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ موجودہ معاشی دہشتگرد حکومت کی معاشی دہشتگردی کے باعث ڈالر 160 روپے تک پہنچ چکا ہے، آئندہ ایک سے دو روز میں گیس کی قیمتوں میں 200 فیصد اضافہ کیا جارہا ہے اور ان تمام پر ایم کیو ایم سمیت تمام حکومت میں شامل جماعتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، عوام اپنے منتخب نمائندوں پر دباؤ ڈالیں کہ وہ ان مسائل پر آواز اٹھائیں، اپنے اپنے حلقوں سے جن جن پارٹیوں بالخصوص ایم کیو ایم کے ارکان قومی اسمبلی اپنے ذاتی مفادات کی بجائے عوام کو معاشی دہشتتگردی اور مہنگائی سے بچانے کے لئے موجودہ آئی ایم ایف کے وفاقی بجٹ کو پاس ہونے سے روکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت کی نالائقی اور نااہلی کے باعث آج ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں مزید کمی واقع ہوئی ہے اور ڈالر 160 روپے سے بھی زائد کا اوپن مارکیٹ میں پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں گذشتہ کئی ماہ سے متعدد بار اضافے کے بعد اب ایک بار پھر نااہل وفاقی حکومت اس میں 200 فیصد کا اضافہ کرنے جارہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں متعدد بار یہ بات کہہ چکا ہوں کہ کراچی میں پانی کی فراہمی کے نظام کو ایک سازش کے تحت سپوتاژ کیا جارہا ہے، ہمارے سیاسی مخالفین نے یہ بھی طے کیا ہے کہ کراچی میں پانی کے معاملے پر سیاست کریں، اس مقصد کیلئے مختلف علاقوں میں واٹر ٹینکرز کو جبری طور پر روک کر اس کے والو سڑک پر کھول دیئے جاتے ہیں اور سارا پانی سڑکوں پر بہا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ وہ کون سے سیاسی طاقتیں ہیں جو پانی کے معاملے پر فسادات کی سازش اس شہر میں کرانا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ان سیاسی جماعتوں سے کہتا ہوں کہ وہ ہماری مخالفت ضرور کریں لیکن اللہ کے واسطے عوام کو پریشان کرنا چھوڑ دیں۔ آل پارٹیز کانفرنس کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں کسی سیاسی جماعت کے ساتھ زبردستی نہیں کی جاسکتی، اس طرح کی کانفرنس کا مقصد اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو خود ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ساتھ شامل ہورہے ہیں جبکہ اس میں دیگر اپوزیشن کے ساتھ ساتھ حکومت کی حمایتی جماعتوں کو بھی دعوت دی گئی ہے اور اب وہ ان کی مرضی ہے کہ وہ شامل ہوں یا نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی صرف پیپلز پارٹی یا دیگر اپوزیشن جماعتوں نہیں بلکہ حکومت میں شامل مینگل، ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور دیگر جماعتوں کے منتخب نمائندوں کے ووٹرز کا بھی مسئلہ ہے، اس لئے کم از کم وہ اپنی حلیف جماعت تحریک انصاف سے یہ تو مطالبہ کریں کہ وہ روزمرہ کی اشیاء بالخصوص چینی، کھانے پینے کی اشیاء، گیس، بجلی سمیت دیگر کی نرخوں میں کمی کرے۔ انہوں نے کہا کہ خود تحریک انصاف کے اسد عمر بھی قومی اسمبلی میں اس بات کو تسلیم کرچکے ہیں کہ جب سے ان کی حکومت آئی ہے روزمرہ کی اشیاء کے نرخوں میں اضافہ ہوا ہے۔
خبر کا کوڈ : 801709
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش