QR CodeQR Code

جلد ہی اپنے جدید ترین بیلسٹک میزائل اور نئے ڈرون طیارے متعارف کروائیں گے، یمن

27 Jun 2019 09:55

یمنی فوج کے ترجمان "یحییٰ السریع" نے خبرنگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے جدید بیلسٹک میزائل اور نئے ڈرون طیارے متعارف کروانے کی خبر دی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ یمنی فوج کے ترجمان "یحییٰ السریع" نے خبرنگاروں کے ساتھ اپنی گفتگو کے دوران اعلان کیا ہے کہ یمنی فوج جلد ہی اپنے جدید بیلسٹک میزائل اور نئے ڈرون طیارے متعارف کروائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے یمنی اسلحے کی آمد یمن کی فوجی تاریخ میں ایک نیا انقلاب ہوگا۔ یہ نیا اسلحہ نہ صرف اپنی تمامتر آزمائشوں میں کامیاب رہا ہے بلکہ جدید ٹیکنالوجی پر بھی مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمنی مسلح افواج اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانا چاہتی ہے، تاکہ ملک پر کسی بیرونی طاقت کو جارحیت مسلط کرنے اور محاصرہ کرنے کی جرأت نہ ہوسکے جبکہ اپنے قومی و ملکی دفاع کے لئے اپنی تمامتر توانائیاں صرف کرنا نہ صرف مکمل طور پر قانونی ہے بلکہ ہمارا اولین حق بھی ہے۔ یمنی فوج کے ترجمان نے میدان کارزار میں لڑنے والی یمنی افواج کو خراج عقیدت پیش کیا اور ساتھ ہی دفاعی ساز و سامان تیار کرنے والے اپنے ملکی کارکنوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ یمنی افواج اور عوامی رضاکار فورسز کی طرف سے جارح سعودی عرب کے فوجی ٹھکانوں اور ہوائی اڈوں پر ہونے والے متمرکز میزائل اور ڈرون حملوں نے حملہ آور ملک سعودی عرب کی ناک میں دم کر رکھا ہے، جبکہ سعودی عرب تاحال ان حملوں کو روکنے میں ناکام رہا ہے۔ یاد رہے کہ سعودی عرب کی سربراہی میں بننے والے فوجی اتحاد نے مستعفی یمنی صدر "عبد ربہ منصود ہادی" کی حکومت واپس پلٹانے کے بہانے امریکی گرین سگنل پر 2015ء سے غریب ترین مسلم عرب ملک یمن پر وسیع پیمانے پر جنگ مسلط کر رکھی ہے، جس کے نتیجے میں اب تک لاکھوں بیگناہ یمنی شہری، جن میں بچوں اور خواتین کی اکثریت ہے، جاں بحق ہوچکے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 801782

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/801782/جلد-ہی-اپنے-جدید-ترین-بیلسٹک-میزائل-اور-نئے-ڈرون-طیارے-متعارف-کروائیں-گے-یمن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org