0
Thursday 27 Jun 2019 15:56

خیبر پختونخوا میں پولیو کے 5 نئے کیس سامنے آگئے

خیبر پختونخوا میں پولیو کے 5 نئے کیس سامنے آگئے
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے انسداد پولیو پروگرام نے خیبر پختونخوا میں پولیو کے 5 نئے کیسز کا سراغ لگا لیا ہے۔ بنوں، تورغر سے 2، 2 جبکہ شمالی وزیرستان سے ایک کیس کی شناخت کی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے انسداد پولیو پروگرام بابر بن عطاء کی طرف سے جاری وڈیو پیغام میں کہا گیا ہے کہ 5 پولیو کیسز کی شناخت خیبر پختونخوا سے ہوئی ہے جو انتہائی خطرناک بات ہے۔ بابر بن عطاء نے کہا کہ خدارا والدین جھوٹے پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں، پشاور میں پولیو ویکسین کے خلاف ڈرامہ رچایا گیا، پشاور میں رچائے گئے پولیو ڈرامے سے دور رداز علاقوں کے والدین ویکسین سے انکاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے دور دراز علاقوں پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے، صوبائی حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے۔

واضح رہے کہ  پاکستان کے 6 شہروں کراچی، حیدر آباد، کوئٹہ، لاہور، راولپنڈی اور پشاور کے نکاسی آب کے نظام میں پولیو وائرس کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں ریلوے پل اور طاؤس آباد کے سیوریج سسٹم میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ حیدر آباد کے تلسی داس پمپنگ اسٹیشن، راولپنڈی کے علاقے صفدرآباد اور  پشاور کے شاہین ٹاؤن میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔ لاہور میں بھی سیوریج سسٹم سے پولیو وائرس ملا ہے جبکہ کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ، اور راشد منہاس روڈ کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔ کراچی کے چکورا نالہ اور کورنگی نالہ کے سیوریج میں بھی پولیو وائرس کی موجودگی کے شواہد ملے ہیں۔ خیال رہے کہ ایک ماہ قبل سکیورٹی خدشات کے سبب ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ ملتوی کردیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 801857
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب