0
Thursday 27 Jun 2019 23:56

ٹرمپ انتظامیہ کی پابندی نظرانداز، امریکی کمپنیوں کا ہواوے کو مصنوعات فروخت کرنے کا انکشاف

ٹرمپ انتظامیہ کی پابندی نظرانداز، امریکی کمپنیوں کا ہواوے کو مصنوعات فروخت کرنے کا انکشاف
اسلام ٹائمز۔ چینی کمپنی کیخلاف ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے پابندی کے باوجود چپ بنانے والی امریکی کمپنیاں ہواوے کو کروڑوں ڈالرز کا سامان فروخت کر رہی ہیں۔ یہ انکشاف موقر امریکی جریدے نیویارک ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں کیا ہے جس کے مطابق انٹیل اور مائیکرون جیسی بڑی کمپنیوں نے اپنے سامان کو امریکی قرار دینے سے بچنے کے راستے تلاش کر لیے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان اشیاء کی فروخت ہواوے کو اپنے سمارٹ فونز اور سرورز کی پیداوار جاری رکھنے میں مدد دے گی۔ اس سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ الیکٹرونکس کی صنعت اور عالمی تجارت میں رکاوٹ ڈالنا امریکی انتظامیہ کے لیے کسقدر مشکل ہو چکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق زیادہ تر کمپنیوں کا کہنا ہے کہ ابھی تک یہ بات واضح نہیں ہو سکی کہ کونسی اشیاء چینی کمپنیوں کو فروخت کی جا سکتی ہیں اور کونسی نہیں۔

اس وقت صورتحال یہ ہے کہ امریکی کمپنیاں ہواوے کی موجودہ مصنوعات کے لیے پرزے اگست کے وسط تک فروخت کر سکتی ہیں لیکن ہواوے کی مستقبل کی مصنوعات کے لیے کچھ بھی فروخت کرنے پر پابندی موجود ہے۔ کمپنیوں کے مطابق یہ بات ابھی تک غیرواضح ہے کہ کونسی اشیاء کا تعلق ہواوے کی موجودہ مصنوعات سے ہے اور کونسی مستقبل کی مصنوعات سے جڑی ہیں۔ واضح رہے کہ ہواوے ہر سال امریکی کمپنیوں سے 11 ارب ڈالر کا سازوسامان خرید کرتی ہے۔ مائیکرون کے چیف ایگزیکٹو سنجے مہروترا کا کہنا ہے کہ آغاز میں ان کی کمپنی نے ہواوے کو تمام مصنوعات کی فراہمی معطل کر دی تھی تاہم اب دو ہفتوں سے فروخت پھر سے جاری کر دی ہے کیونکہ اب ہمیں علم ہو چکا ہے کہ ہم قانونی طور پر کچھ مصنوعات بیچ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود ابھی تک ہواوے کے ضمن میں بہت سے معاملات غیرواضح ہیں۔ امریکی انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ سیمی کنڈکٹر انڈسٹری ایسوسی ایشن نے وائٹ ہاؤس کو خط لکھ کر ہواوے کو آلہ جات کی فروخت جاری رکھنے کی اجازت طلب کی تھی جسے مسترد کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد ان کمپنیوں نے یہ کہہ کر پرزہ جات بیچنے شروع کر دیے ہیں کہ قانون انہیں اس کی اجازت دیتا ہے۔ جریدے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بہت سے سرکاری عہدیدار فروخت کے اس عمل میں رکاوٹ ڈالنے سے کتراتے ہیں۔ شعبہ تجارت کے ایک سابقہ عہدیدار کا کہنا ہے کہ اگر ایک چپ امریکہ سے باہر بنتی ہے لیکن اس میں خرابیاں دور کرنے اور معیار میں بہتری کے لیے اگر خدمات امریکہ سے فراہم کی جائیں تو وہ پرزہ ہواوے کو فروخت نہیں کیا جا سکتا۔
 
خبر کا کوڈ : 801945
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش