0
Friday 28 Jun 2019 12:43

سٹاک ایکسچینج کا خیبر پختونخوا میں دفتر قائم کرنیکا فیصلہ

سٹاک ایکسچینج کا خیبر پختونخوا میں دفتر قائم کرنیکا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج (PSX) خیبر پختونخوا میں جلد اپنا نمائندہ دفتر (برانچ) قائم کریگا، جو خیبر پختونخوا میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے انٹر پرائزز کی فہرست سازی اور سرمایہ کاری کیلئے کانفرنسز کے انعقاد میں سہولت فراہم کریگا جن میں صوبے میں موجود سرمایہ کاری کے مواقعوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اس امر کا انکشاف وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان اور پاکستان سٹاک ایکسچینج کے چیئرمین سلیمان ایس مہدی کے مابین ملاقات کے دوران کیا گیا۔ سلیمان ایس مہدی کی سربراہی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج کے نمائندہ وفد نے پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعلٰی سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلٰی نے خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع اور امکانات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی گونگ تقریب میں شرکت کیلئے بھی رضامندی ظاہر کی۔

خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ کے فروری میں دورہ کراچی کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج نے گونگ تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ ملاقات میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کیپیٹل مارکیٹ کے ذریعے کاروبار کیلئے وسائل میں اضافہ سے متعلق متعدد امور زیر بحث آئے، خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کی استعداد کو سامنے رکھتے ہوئے صوبے میں پاکستان سٹاک ایکسچینج کے نمائندہ دفتر کے قیام کے امکانات کیلئے تجویز پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پاکستان سٹاک ایکسچینج کے وفد نے مذکورہ دفتر کے قیام کیلئے آمادگی ظاہر کی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے صوبے میں کاروبار اور سرمایہ کاری کی استعداد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سرمایہ کاری کے زبردست مواقع موجود ہیں جن کیلئے ایک واضح سمت کی ضرورت ہے۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج نے صوبے میں سرماریہ کاری کے فروغ اور کاروبار کی ترقی کیلئے معاونت میں دلچسپی ظاہر کی۔ وزیراعلٰی نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی دلچسپی کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ انکی حکومت صوبے میں تمام سرمایہ کاروں کو بھر پور تعاون فراہم کرے گی اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ چیئرمین پاکستان سٹاک ایکسچینج نے بتایا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کی سطح پر سمال میڈیم انٹر پرائز بورڈ قائم کر دیا گیا ہے جو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی فہرست سازی کیلئے آسان شرائط پیش کرتا ہے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا میں اچھی استعداد رکھنے والی کمپنیوں کی نشاندہی میں تعاون کی درخواست کی، اس موقع پر پاکستان سٹاک ایکسچینج کیساتھ ایک معاہدہ بھی طے پایا جس کے تحت آنے والے ایام میں پاکستان سٹاک ایکسچینج خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کانفرنسز کے انعقاد میں سہولت فراہم کریگا۔
خبر کا کوڈ : 801994
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش