QR CodeQR Code

قبائلی اضلاع میں انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی تیاریاں مکمل ہیں، پیر مقبول

28 Jun 2019 13:13

ضلع کرم کے دو انتخابی حلقوں کا دورہ کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ یہ انتخابات ہم سب کیلئے ایک چیلنج ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ اس چیلنج سے ہم احسن طریقے سے نبرد آزما ہوسکیں، انتخابات کے حوالے سے ہماری تیاریاں مکمل ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ صوبائی الیکشن کمشنر مقبول احمد نے قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے الیکشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے پاراچنار پہنچنے پر ضلع کرم کے دو انتخابی حلقوں پی کے 108 اور پی کے 109 میں 20 جولائی کو ہونے والے الیکشن کیلئے کی گئی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ الیکشن کمشنر ضلع کرم تنویر احمد ہمایوں اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر آفاق وزیر نے انتخابات کیلئے کئے گئے انتظامات کے حوالے سے صوبائی الیکشن کمشنر کو بریفنگ دی اور اس حوالے سے تفصیلی بات چیت کی۔ بریفنگ کے دوران فورسز کے افسران اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں صوبائی الیکشن کمشنر پیر مقبول احمد کا کہنا تھا کہ 20 جولائی کو قبائلی اضلاع میں الیکشن یقینی بنانے کیلئے تمام تر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے میں خود تمام قبائلی اضلاع کے دورے کررہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین ووٹرز کو بھی اپنے رائے کا اظہار کرنے کے مواقع فراہم کرنے میں لوگ اپنا فرض پورا کرلیں۔ پیر مقبول نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں انتخابات کو ہم بہت اہمیت دے رہے ہیں، کیونکہ ان علاقوں میں یہ انتخابات پہلی مرتبہ ہونے جارہے ہیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ یہ انتخابات ہم سب کیلئے ایک چیلنج ہے اور ہماری کوشش ہے کہ اس چیلنج سے ہم احسن طریقے سے نبرد آزما ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کے حوالے سے انکی تیاریاں مکمل ہیں اور انہیں کوئی بھی مسئلہ نہیں ہے، باجوڑ اور مہمند کے دورے کرچکا ہوں، یہاں بھی آگیا ہوں، تیاریوں کے حوالے سے کوئی بھی فکر نہ کریں اور سکیورٹی کا بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 802001

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/802001/قبائلی-اضلاع-میں-انتخابات-کیلئے-الیکشن-کمیشن-کی-تیاریاں-مکمل-ہیں-پیر-مقبول

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org