0
Friday 28 Jun 2019 20:17

ٹینکر مافیا اور آر او پلانٹ مالکان نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، علامہ مبشر حسن

ٹینکر مافیا اور آر او پلانٹ مالکان نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، علامہ مبشر حسن
اسلام ٹائمز۔ بے حس حکمرانوں نے شہر قائد کو کربلا بنا دیا ہے، شہری بوند بوند پانی کو ترس رہے ہیں، ٹینکر مافیا اور آر او پلانٹ مالکان نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، چیف جسٹس آف پاکستان کراچی میں پانی بحران کا نوٹس لیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ مبشر حسن نے وحدت ہاؤس کراچی میں اراکین کابینہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں شہری پانی کی قلت کے باعث شدید ذہنی اذیت اور کرب میں مبتلا ہیں، شہری پانی کی تلاش میں سرگرداں ہیں، پانی کے بحران کے باعث واٹر ٹینکر مافیا کی چاندی ہوگئی ہے، منہ مانگے داموں پر بھی پانی کا حصول مشکل بنا ہوا ہے، رہی سہی کسر جگہ جگہ لگے کمرشل آر او پلانٹس نے پوری کردی ہے، ان آر او پلانٹس کے باعث پانی کی زیر زمین سطح 400 سے 500 فٹ تک جاپہنچی ہے۔

علامہ مبشر حسن نے مزید کہا کہ اگر صورت حال ایسی ہی رہی تو جلد شہر قائد میں ایک شدید انسانی بحران جنم لے سکتا ہے۔ علامہ مبشر حسن نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر قائد میں پانی بحران پر ازخود نوٹس لیں، سندھ کی صوبائی حکومت اور شہری حکومت سے کے تھری اور کے فور منصوبوں کے متعلق جواب طلب کیا جائے کہ عوام کا اربوں روپے ٹیکس کا پیسہ کہاں ڈبو دیا گیا ہے۔ انہوں نے اعلیٰ عدلیہ سے واٹر ٹینکر مافیا اور کمرشل آر او پلانٹ مافیا کے خلاف بھی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 802078
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے