0
Saturday 29 Jun 2019 17:50

پاراچنار، ٹرمپ کیجانب سے رہبر معظم پر لگائی گئی مالی پابندیوں کیخلاف احتجاجی پریس کانفرنس

پاراچنار، ٹرمپ کیجانب سے رہبر معظم پر لگائی گئی مالی پابندیوں کیخلاف احتجاجی پریس کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ پاراچنار کی مذہبی تنظیموں کی جانب سے پاراچنار پریس کلب میں ٹرمپ کیجانب سے رہبر مسلمین جہان جناب سید علی خامنہ ای اور انکے رفقاء پر لگائی گئی مالی پابندیوں کے خلاف احتجاجی پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں علمائے کرام اور مذہبی تنظیموں کے اراکین نے شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع کرم کے علماء نے کہا کہ ٹرمپ نے عالم اسلام کے رہنماء پر نام نہاد پابندیاں لگا کر اپنے پاگل پن کا ثبوت دیا ہے، جبکہ جہان اسلام کے رہنما آیت اللہ خامنہ ای نے ہمیشہ دنیا بھر کے مسلمانوں اور مظلوموں کی حمایت کرتے ہوئے امریکہ و اسرائیل سمیت اسلام دشمن تمام قوتوں کی سازشوں کو ناکامی سے دوچار کیا ہے۔

پاراچنار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلسِ علمائے اہلبیت، تحریک حسینی اور شیعہ علماء کونسل کے رہنماؤں علامہ زاہد حسین، علامہ حاجی عابد حسین جعفری، علامہ سید صفدر علی شاہ، علامہ سید احمد الحسینی، علامہ احمد علی روحانی، علامہ سید محمد حسین طاہری، علامہ باقرعلی اور علامہ ثواب علی نے کہا کہ دنیائے اسلام کے عظیم رہنما آیت اللہ خامنہ ای پر ٹرمپ کی جانب سے لگائی جانیوالی پابندیاں مضحکہ خیز ہیں۔ امریکہ عالم اسلام کو نقصان جبکہ اسلام دشمن قوتوں کو تقویت پہنچانے کے لئے جس منصوبے پر کام کررہا ہے، آیت اللہ خامنہ ای اس کے ان مذموم مقاصد کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ مختلف حیلے بہانوں سے صرف انہی کے خلاف کھڑا ہے اور ان کے خلاف ہر طرح کے غیر قانونی اور اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے سے نہیں شرماتا۔

علمائے کرام نے کہا کہ قرآن کے واضح حکم اور ممانعت کے باوجود مسلمان یہود و نصاریٰ سے راہ و رسم رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کے مسلمانوں کو چاہیئے کہ وہ ٹرمپ اور ان کے ہمنواؤں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ خصوصاً پاکستان کے مسلمانوں کا تو فرض بنتا ہے کہ وہ امریکی مصنوعات اور ڈالر کی خرید و فروخت مکمل طور پر ترک کرکے اس کی بجائے ملکی مصنوعات کو ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ آج امریکہ دنیا کے تمام دہشت گردوں کا سرغنہ بنا بیٹھا ہے اور اسرائیل جیسے عالم اسلام کے بڑے دشمن کی حمایت اور مدد کر رہا ہے، جبکہ مزے کی بات یہ ہے کہ مسلمان ممالک اب بھی امریکی ہاں میں ہاں ملاکر اس کی چاپلوسی کر رہے ہیں۔ علماء نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ آپس میں متحد رہیں اور مسلمانوں کے خلاف ہونے والی تمام تر سازشوں کو ناکام بنائیں۔
خبر کا کوڈ : 802083
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش