QR CodeQR Code

اپنی زرعی زمینوں کے چھینے جانے کے عمل کو روکنے اور احتجاج کے دوران دسیوں فلسطینی زخمی

28 Jun 2019 22:47

جمعے روز غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی سرحد پر نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد فلسطینیوں نے بڑی تعداد میں جمع ہو کر اپنی زرعی زمینوں پر غاصب صیہونیوں کے ناجائز قبضے کے عمل کو روکنے کیلئے بڑے پیمانے پر اجتماع کرکے احتجاجی مظاہرے کئے۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطین کے مغربی کنارے میں جمعے کے روز غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی سرحد پر نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد فلسطینیوں نے بڑی تعداد میں جمع ہو کر "عزموطہ" کے علاقے میں اپنی زرعی زمینوں پر غاصب صیہونیوں کے ناجائز قبضے کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی خاطر بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کئے، جبکہ دوسری طرف سے غاصب صیہونی فوجیوں کی سیدھی فائرنگ اور اندھادھند آنسو گیس کی شیلنگ کی وجہ سے دسیوں فلسطینی مظاہرین زخمی ہوگئے۔ علاقے میں سرگرم سیاسی شخصیت "خالد منصور" نے کہا کہ ہم مغربی کنارے کے علاقے "عزموطہ" میں جمع ہوئے ہیں، تاکہ فلسطینی عوام کی زرعی زمینوں کو قبضے میں لینے کے غاصب صیہونیوں کے عمل میں رکاوٹ ڈال سکیں۔ ہم سب خالی ہاتھ غاصب صیہونیوں کے مقابلے میں کھڑے ہیں اور ان شاء اللہ اس عوامی مزاحمت کے عمل کو جاری رکھیں گے۔

مظاہرین نے احتجاجی مظاہرے کے دوران اپنی زرعی زمینوں کے واپس پلٹائے جانے اور ان کی زمینوں سے غاصب یہودی قابضین کو نکال باہر کرنے کا مطالبہ کیا، تاکہ غریب فلسطینی عوام کی آمدنی کا تنہاء ذریعہ بھی ان کے ہاتھوں سے چِھن نہ جائے، جبکہ غاصب صیہونی فوجیوں نے اسلحے کے زور پر فلسطینی علاقے "عزموطہ" کے اصلی رہائشیوں کو ان کی آبائی زمینوں سے نکال باہر کرکے قابض غاصب یہودی آبادکاروں کو تحفظ فراہم کیا۔ غصب شدہ زمینوں میں سے ایک کے مالک "احمد زید" کہتے ہیں کہ فلسطینیوں کا میدان عمل میں مسلسل حاضر رہنا ایک دن ضرور نتیجہ دے گا۔ ہم اپنے امریکی اور صیہونی دشمنوں کو للکار کر کہتے ہیں کہ فلسطینی قوم نے عملی اقدامات اٹھانا شروع کر دیئے ہیں، جبکہ یہ قوم اپنی سرزمینوں کو کبھی ترک نہیں کرے گی، بلکہ بالآخر قابض غاصب صیہونیوں کو ہی یہاں سے نکلنا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 802090

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/802090/اپنی-زرعی-زمینوں-کے-چھینے-جانے-عمل-کو-روکنے-اور-احتجاج-دوران-دسیوں-فلسطینی-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org