QR CodeQR Code

چین اور جرمنی کیطرف سے ایران کیحوالے سے پائے جانیوالے تناؤ کے صلح آمیز حل پر تاکید

29 Jun 2019 00:08

جاپان میں منعقد ہونیوالے G-20 ممالک کے اجلاس میں چین کے صدر اور جرمنی کی چانسلر کے درمیان ہونیوالی ملاقات میں دونوں سربراہان مملکت نے ایران کے حوالے سے پائے جانیوالے تناؤ کے صلح آمیز حل پر تاکید کی۔


اسلام ٹائمز۔ چینی نیوز ایجنسی "شینہوا" کی رپورٹ کے مطابق چین اور جرمنی کے سربراہان مملکت نے جاپان میں منعقد ہونے والے G-20 کے اجلاس میں ہونے والی ملاقات کے دوران ایران کے جوہری مسائل کو صلح آمیز طریقے سے حل کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے موجود تناؤ کو مزید بڑھانے سے اجتناب کیا جانا چاہیئے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روڑے اٹکانے کی اپنی سیاست پر عمل کرتے ہوئے گذشتہ سال ایرانی جوہری معاہدے (JCPOA) سے یکطرفہ طور پر دستبردار ہو جانے کا اعلان کرتے ہوئے جوہری معاہدے کی وجہ سے معطل ہو جانے والی امریکی پابندیوں کو ایران کے خلاف نئے سرے سے لاگو کر دیا تھا۔

جوہری معاہدے سے امریکہ کے یکطرفہ طور پر دستبردار ہو جانے کے بعد یورپی ممالک نے اپنے تئیں جوہری معاہدے کے مطابق ایران کو ملنے والے اقتصادی فوائد کی بھرپور حفاظت کے وعدے تو کئے تھے، لیکن عملی طور امریکہ کے دشمنی پر مبنی اقدامات کے زبانی مقابلے کے سوا کچھ نہ کر پائے، لہٰذا اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے ایرانی قومی سلامتی کونسل نے بھی 8 مئی 2019ء کو اپنے ایک بیان میں جوہری معاہدے میں شامل ممالک کو جوہری معاہدے کے مطابق ایران کو ملنے والے اقتصادی فوائد فراہم کرنے کے لئے 60 روز کی مہلت دیتے ہوئے تب تک جوہری معاہدے کی بعض شقوں پر عملدرآمد کو معطل کرنے کا اعلان کر دیا تھا اور کہا تھا کہ اگر جوہری معاہدے میں شامل ممالک اس معاہدے کے مطابق عملدرآمد کرنے میں ناکام رہے، تو ایران بھی اس جوہری معاہدے کو ترک کر دے گا۔


خبر کا کوڈ: 802096

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/802096/چین-اور-جرمنی-کیطرف-سے-ایران-کیحوالے-پائے-جانیوالے-تناو-کے-صلح-آمیز-حل-پر-تاکید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org