QR CodeQR Code

امریکہ و روس نے واشنگٹن اور تہران کے درمیان موجود اختلافات کو سفارتی طریقے سے حل کرنے پر تاکید کی ہے، سرگئی لاوروف

29 Jun 2019 15:17

روسی وزیر خارجہ نے جاپان میں روسی و امریکی صدور کی ملاقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ و پوٹن نے امریکہ اور ایران کے درمیان وجود میں آنیوالی تناؤ کی صورتحال سے باہر نکلنے کیلئے سفارتی راہ حل پر تاکید کی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے خبرنگاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران کہا ہے کہ دونوں فریقوں (روس اور امریکہ) نے اس موضوع کو گہرائی کے ساتھ سمجھ لیا ہے کہ ایران کے گرد موجود تناؤ کی کیفیت کو سیاسی، مذاکراتی اور سفارتی طریقے سے حل کیا جائے۔ سرگئی لاوروف نے کہا کہ دونوں ممالک کے سربراہوں نے شام، یوکرائن، ایرانی جوہری معاہدہ (JCPOA) اور خلیج فارس میں بحری جہازوں کو پیش آنے والے واقعات سمیت بہت سے موضوعات پر گفتگو کی ہے۔ روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ صورتحال بہت سنگین ہے، لیکن دونوں فریقوں نے موجودہ صورتحال کے درمیان ایک سفارتی رستہ ڈھونڈ نکالنے پر تاکید کی ہے۔ مجھے معلوم نہیں کہ یہ کیسے ممکن ہے، لیکن روس اس بارے میں اطمینان حاصل کرنے کیلئے اپنی تمام کوششیں جاری رکھے گا کہ موجودہ صورتحال پر اثر انداز ہونے والے تمام فریق سفارتی رستے پر قدم اٹھاتے رہیں۔

سرگئی لاوروف نے کہا کہ روس کی پیشکش اب بھی میدان میں موجود ہے۔ ہم سلامتی کونسل کے مستقل اراکین اور بین الاقوامی و علاقائی تنظیموں کی حمایت سے خلیج فارس کے عرب ممالک اور ایران کے درمیان اعتماد کی فضا بنانا چاہتے ہیں۔ سرگئی لاوروف کا کہنا تھا کہ اس مقصد کو حاصل کرنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے جبکہ ہمیں امید ہے کہ تمام فریق اس پیشکش کو گفتگو کی بحالی اور تناؤ سے پرہیز کا ایک سنہری موقع سمجھتے ہوئے، اس میں شامل ہو جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 802160

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/802160/امریکہ-روس-نے-واشنگٹن-اور-تہران-کے-درمیان-موجود-اختلافات-کو-سفارتی-طریقے-سے-حل-کرنے-پر-تاکید-کی-ہے-سرگئی-لاوروف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org