QR CodeQR Code

پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کا رہنما قتل

29 Jun 2019 17:36

واقعے کے بعد اے این پی کے رہنما سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ شہادتوں کے اس سلسلہ پر اب سوچیں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے، سکیورٹی اداروں کیلئے بھی امن و امان کی صورتحال لمحہ فکریہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پشاور میں نامعلوم افراد نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق اے این پی پشاور سٹی کے صدر سرتاج خان پر پشاور کے علاقے گلبہار میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق زخمی سرتاج خان کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ بعد میں ہسپتال انتظامیہ نے سرتاج خان کی لاش کو ورثاء کے حوالے کر دیا۔ واقعے کے بعد اے این پی کے رہنما سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ سرتاج خان کو دن دیھاڑے تھانے کے قریب ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جہادیوں کے روپ میں طالبان گھوم رہے ہیں اور ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، عوام اور اے این پی رہنماوں کو تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ سردار حسین بابک نے مزید کہا کہ 10 تاریخ کو ایک شہید کی برسی منانے جارہے تھے کہ دوسرا شہید کر دیا گیا ہے، شہادتوں کے اس سلسلہ پر اب سوچیں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی اداروں کیلئے بھی امن و امان کی صورتحال لمحہ فکریہ ہے۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ سرتاج خان کو ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ بعض کا کہنا ہے کہ سرتاج خان کا قتل ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے، پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔


خبر کا کوڈ: 802187

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/802187/پشاور-میں-عوامی-نیشنل-پارٹی-کا-رہنما-قتل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org