0
Saturday 29 Jun 2019 19:16

این ای ڈی سینیٹ اجلاس، تھرپارکر میں سب کیمپس بنانے کا اعلان

این ای ڈی سینیٹ اجلاس، تھرپارکر میں سب کیمپس بنانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ سندھ کے سینئر وزیر اور پرو چانسلر انجینئرنگ یونیورسٹیز ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ تھرپارکر میں این ای ڈی یونیورسٹی کا سب کیمپس شروع کرنے جا رہے ہیں، دنیا بھر کی یونیورسٹیز میں این ای ڈی کی رینکنگ پورے ملک کیلئے باعثِ فخر ہے، سندھ حکومت جامعہ این ای ڈی کو پہلے بھی سپورٹ کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی کرے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے تحت 27ویں سینیٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ مہنگائی کے مقابلے میں سندھ حکومت چاہتی تھی کہ تنخواہوں اور پینشن میں پچیس فیصد اضافہ کیا جائے، مگر وسائل کی کمی کی وجہ سے صرف پندرہ فیصد ہی بڑھا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ کارکردگی کے لحاظ سے سندھ سب سے بہتر ہے، جس کی ایک وجہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ہیں۔ جامعہ میں ٹرانسپورٹ کی سہولت میں بہتری کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت این ای ڈی کو پہلے بھی سپورٹ کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی کرے گی۔

این ای ڈی سینیٹ اجلاس میں 2017ء تا 2018ء کے سالانہ اکاؤنٹ کی رپورٹ کی منظوری، 2018ء تا 2019ء کی رپورٹ، جبکہ 2019ء تا 2020ء کا بجٹ بھی پیش کیا گیا۔ اجلاس کا آغاز کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے بجٹ کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 19-2018ء کے بجٹ کا آغاز 184.225 ملین خسارے سے ہوا تھا، لیکن یونیورسٹی نے اسے 1.287 ملین کے سرپلس سے تبدیل کیا، 20-2019ء کا بجٹ 2,970.225 ملین کا ہے، اس بجٹ کی ابتدا بھی 188.660 ملین کے خسارے سے ہو رہی ہے، جسے ختم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 802207
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش