0
Saturday 29 Jun 2019 19:31

چیئرمین سینٹ کا انتخاب متفقہ فیصلہ تھا، ہٹانا بلوچستان کیساتھ مذاق ہوگا، سردار یار محمد رند

چیئرمین سینٹ کا انتخاب متفقہ فیصلہ تھا، ہٹانا بلوچستان کیساتھ مذاق ہوگا، سردار یار محمد رند
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی بلوچستان اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ چیئرمین سینٹ کو ہٹانے والوں نے ہی منتخب کیا ہے، اب ایوان بالا کے چیئرمین کو ہٹانا بلوچستان کے ساتھ مذاق ہوگا، بلوچستان کا بجٹ بہترین ہے مگر بدقسمتی سے بجٹ میں میرے حلقہ انتخاب میں سیلاب زادہ تحصیلوں کو یکسر نظرانداز کیا گیا ہے امید ہے کہ بلوچستان حکومت سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو ریلیف کا اعلان کریں گے کیونکہ حالیہ سیلابی صورتحال نے تباہی مچا دی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، تاہم احتجاج کی آڑ میں چیئرمین سینیٹ کو ٹارگٹ کرنا ماضی کی روایات کو برقرار رکھنا ہے، ہمیشہ بلوچستان کے ساتھ ناانصافیاں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینٹ کو لانے میں سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری پیش پیش رہے اور متفقہ طور پر چیئرمین سینٹ لایا گیا۔ اب انہیں ہٹانا بلوچستان کے ساتھ ایک مرتبہ پھر مذاق ہوگا۔ انہوں نے کہا وفاقی حکومت نے تاریخی بجٹ پیش کرکے یہ ثابت کردیا کہ ملک میں ترقی، خوشحالی کا دور شروع ہوگیا اور نیا پاکستان کا خواب ضرور پورا ہوگا۔

سردار یار محمد رند نے کہا کہ آج کی اپوزیشن جماعتوں نے ماضی میں اس ملک اور بلوچستان کے ساتھ جو کچھ کیا وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی بجٹ میں بلوچستان کو خصوصی پیکجز دے کر بلوچستان سے کیا گیا وعدہ پورا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی این پی مینگل کے چھ نکات کے حوالے سے بھی پیشرفت ہو رہی ہے، جس طرح انہوں نے بجٹ میں حمایت کی جو آخری دم تک ہوگا کیونکہ ان کے تمام مطالبات پر عمل ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے بھی بہتر ین بجٹ پیش کیا مگر بدقسمتی سے تحصیل سنی، تحصیل بالاناڑی، تحصیل میر پور، اور تحصیل لانڈی جو حالیہ سیلابی صورتحال سے بری طرح متاثرہ ہوئی تھی، ان تحصیلوں کو بجٹ میں یکسر نظرانداز کیا گیا حالیہ سیلابی صورتحال متاثرہ تحصیلوں میں مال مویشی، زراعت، گھر شدید متاثر ہوئے تھے، لہٰذا وزیراعلٰی بلوچستان سے امید رکھتے ہیں کہ ان متاثرہ تحصیلوں کو ریلیف دینے کے لئے پیکج کا اعلان کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 802209
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش