0
Saturday 29 Jun 2019 21:18

عوام پر گرنے والا گیس بم ان کی کمر توڑ دے گا، صدر پاکستان اکانومی واچ

عوام پر گرنے والا گیس بم ان کی کمر توڑ دے گا، صدر پاکستان اکانومی واچ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ یکم جولائی سے عوام پر گرنے والا گیس بم ان کی کمر توڑ دے گا، امسال گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوچکا ہے، مگر اب اس میں 191 فیصد کا مزید اضافہ کیا جا رہا ہے جس سے گیس صارفین پر پانچ سو دس ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، جو گیس کمپنیوں کی کل ضروریات سے زیادہ ہے، گیس کی قیمت بڑھنے سے مڈل کلاس سب سے زیادہ متاثر ہوگی جبکہ ٹیکسٹائل، فرٹیلائیزر اور جنرل انڈسٹری کی پیداوار مہنگی ہوجائے گی جس سے برامدات بھی متاثر ہونگی۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ گیس کی قیمت بڑھانے سے غربت اور بے روزگاری میں اضافہ ہوگا، اس کی قیمت کی وجہ سے طلب کم ہوجائے گی جبکہ سینکڑوں سی این جی اسٹیشن بھی دیوالیہ ہوجائیں گے۔

ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا کہ گیس کی قیمت جتنی زیادہ ہوگی اس شعبہ میں چوری بھی اتنی ہی بڑھ جائے گی، ایل این جی کی درآمد پر ڈیوٹی عائد کرنے سے یہ ایندھن بھی مہنگا ہوجائے گا جس کے اثر سے صنعت اور زراعت بھی محفوظ نہیں رہے گی، ایل این جی ٹرمینل پہلے ہی استعداد سے کم کام کرکے نقصان کا سبب بن رہے ہیں جن کے نقصانات بڑھ جائیں گے جس کی سزا بھی عوام کو دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گیس کی قیمت میں اضافہ کے مضمرات پر دوبارہ غور کرے، کیونکہ جہاں آئی ایم ایف کے احکامات پر عمل درامد ضروری ہے وہیں عوام اور ملکی معیشت کو بچانا زیادہ ضروری ہے۔
خبر کا کوڈ : 802226
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش