QR CodeQR Code

پاکستان کی طرح آزادکشمیر میں بھی کڑا احتساب شروع ہونے والا ہے، بیرسٹر سلطان

30 Jun 2019 08:20

میرپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ جب تک ادارے مضبوط نہیں ہوں گے اس وقت تک خطے میں بہتری نہیں آئے گی۔


اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی آزادکشمیر کے رہنما بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ جب تک ادارے مضبوط نہیں ہوں گے اس وقت تک خطے میں بہتری نہیں آئے گی۔ پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کی حکومتوں نے اداروں کو ڈمی بنا کر رکھ دیا ہے، پاکستان کی طرح آزادکشمیر میں بھی کڑا احتساب شروع ہونے والا ہے۔ ملازمین اپنے آپ کو حکومتی کرپشن اور ان کی کارستانیوں سے دور رکھیں اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں۔ میں نے اپنے دور حکومت میں بلاامتیاز و تفریق تجاوزات کا خاتمہ کرایا۔ اس میں میں نے اپنے رشتے داروں، دوستوں کے پلازوں اور کوٹھیوں سمیت تجاوزات ختم کروائیں۔ آج میرپور میں ہر جگہ با آسانی گاڑیوں کی پارکنگ کی جا سکتی ہے جبکہ موجودہ حکومت چھوٹے، کمزور اور غریب لوگوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ ڈالنے سے گریزاں ہے۔ پی ٹی آئی کشمیر اقتدار میں آ کر جہاں آزادکشمیر کو اقتصادی طور پر مضبوط کرے گی وہاں عوام کو ان کے حقوق دلوانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں میرپور میں میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے کی ایمپلائز یونین کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دینے کے بعد اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس موقع پر مزید کہا کہ میرپور آزادکشمیر کا سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا خطہ ہے۔ میرپور کے عوام نے پہلے منگلا ڈیم کی تعمیر اور اب اس کی توسیع کے لئے اپنے آباﺅ اجداد کی قبروں کی قربانیاں دیں۔ انھوں نے کہا کہ میں نے اپنے دور حکومت میں میرپور میں سوئی گیس لائی اور فنڈز بھی مختص کرائے۔ اسی طرح میرپور میں سبزی منڈی، لاری اڈہ اور دیگر کو شہر سے باہر منتقل کر کے شہر کو صاف ستھرا بنایا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی آزادکشمیر میں آئندہ حکومت بنائے گی اور پورے آزادکشمیر میں بہتری لائے گی۔


خبر کا کوڈ: 802250

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/802250/پاکستان-کی-طرح-آزادکشمیر-میں-بھی-کڑا-احتساب-شروع-ہونے-والا-ہے-بیرسٹر-سلطان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org