QR CodeQR Code

عوامی نیشنل پارٹی کا 3 روزہ سوگ کا اعلان

30 Jun 2019 11:05

اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی نے کہا کہ شہر بھر میں جہادیوں کے نام پر طالبان گھوم رہے ہیں، صوبے میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، جبکہ اے این پی رہنماوں کو تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور انہیں چُن چُن کر مارا جا رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے اے این پی سٹی ڈسٹرکٹ پشاور کے صدر سرتاج خان کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ صوبائی صدر کا کہنا تھا کہ صوبے میں جنگل کا قانون اور دہشت گردوں کا راج ہے، صوبائی حکومت دہشت گردوں کی ساتھی ہے اور اس نے دہشت گردوں کو شہریوں کے قتل عام کا لائسنس جاری کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرتاج خان کو دن دیہاڑے تھانے کے قریب ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا، لیکن مثالی پولیس قاتلوں کو پکڑنے میں ناکام رہی۔ ایمل ولی نے کہا کہ شہر بھر میں جہادیوں کے نام پر طالبان گھوم رہے ہیں، صوبے میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، جبکہ اے این پی رہنماوں کو تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور انہیں چُن چُن کر مارا جا رہا ہے۔ گذشتہ برس اسی عرصہ کے دوران ہارون بلور اور اس کے ساتھ 23 ساتھیوں کو شہید کیا گیا اور ان کی برسی سے قبل ایک بار پھر اے این پی کی پیٹھ پر وار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شہادتوں کے سلسلے پر اب مزید خاموش نہیں رہیں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں سکیورٹی اداروں کیلئے امن و امان کی صورت حال لمحہ فکریہ ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔


خبر کا کوڈ: 802266

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/802266/عوامی-نیشنل-پارٹی-کا-3-روزہ-سوگ-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org