0
Sunday 30 Jun 2019 20:49

نوشہرہ میں جوانسال خواجہ سراء قتل، والد گرفتار

نوشہرہ میں جوانسال خواجہ سراء قتل، والد گرفتار
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں جوانسال خواجہ سراء کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق نوشہرہ کینٹ کے علاقہ گل بابا میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قتل ہونے والے خواجہ سراء کی شناخت آفتاب عرف مایا خان کے نام سے ہوئی ہے، جسے ہفتہ کے روز پشاور کے تھانہ ہشت نگری پولیس نے تحریری ضمانت کے بعد ذبردستی والد اور چچا کے حوالے کر دیا تھا، جس کے بعد والد اور چچا اُسے اپنے ساتھ نوشہرہ کلاں لے گئے۔ اس ضمن میں پختونخوا سول سوسائٹی کے کوآرڈینیٹر تیمور کمال نے ٹیلی فون کے ذریعے میڈیا کو بتایا کہ ایک ماہ قبل آفتاب عرف مایا ناراض ہو کر پشاور آیا تھا، جسے تھانہ ہشت نگری پولیس نے والدین کے حوالے کر دیا تھا، تاہم جب والدین مایا کو لے گئے تو اُس کے بال کاٹ دیئے گئے جس کی بناء پر وہ دوبارہ ناراض ہو کر گھر سے آگیا اور پشاور میں رہائش اختیار کر لی۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ کے روز مایا کا والد اورنگزیب اور چچا جمشید اُسے دوبارہ لینے کیلئے پشاور پہنچے، جہاں دیگر خواجہ سراؤں کی مذاحمت اور خود مایا کے انکار کے باوجود بھی پولیس نے اُسے تحریری ضمانت کے بعد والد کے حوالے کر دیا اور اتوار کی صبح اُس کی گولیوں سے چھلنی لاش نوشہرہ کینٹ سے برآمد ہوئی۔ دوسری جانب پولیس نے خواجہ سراء مایا کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا اور کارروائی کے دوران اُس کے والد اورنگزیب کو گرفتار کر لیا۔ واقعے کے بعد پشاور کے خواجہ سراء تھانہ ہشت نگری کے سامنے جمع ہوگئے اور ملزمان کی عدم گرفتاری پر ایس ایچ او ہشت نگری کے خلاف احتجاج کا اعلان کر دیا۔
خبر کا کوڈ : 802358
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش