0
Sunday 30 Jun 2019 20:37

نون لیگ چھوڑنے والے ارکان اسمبلی کے گھروں کا گھیراؤ کرونگا، رانا ثنا اللہ

نون لیگ چھوڑنے والے ارکان اسمبلی کے گھروں کا گھیراؤ کرونگا، رانا ثنا اللہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ لوٹا بننے والے مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی کے گھروں کا گھیراؤ کرنے والے کارکنوں کی قیادت وہ خود کریں گے۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے 15 ارکان پنجاب اسمبلی نے بنی گالا ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں پنجاب اسمبلی کے رکن غیاث الدین، شعیب اویسی، چوہدری اشرف انصاری، فیصل خان نیازی، غلام قاسم ہنجرا، محمد ارشد، اظہر چانڈیہ، غضنفر لنگاہ، جلیل احمد شرقپور اور نشاط احمد خان ڈاہا شامل تھے۔

اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے بھی لیگی ارکان اسمبلی کی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 4 سے 5 لیگی ارکان کی ملاقات کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات کرنے والے بیشتر نام آزاد حیثیت میں الیکشن جیت کر (ن) لیگ میں شامل ہوئے، ان میں ایک فیصل خان نیازی تحریک انصاف کا ٹکٹ نہ ملنے پر آخری روز (ن) لیگ میں شامل ہوئے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ اشرف انصاری کو (ن) لیگ نے پنجاب اسمبلی کا ٹکٹ دے کر واپس لیا اور پھر دے دیا، جمیل شرقپوری بھی الیکشن سے چند روز قبل تحریک انصاف سے پارٹی میں آئے تھے۔

رانا ثناء اللہ خان کے مطابق غیاث الدین ماضی میں بھی سیاسی وابستگیاں تبدیل کرتے رہے ہیں جب کہ خانیوال سے رکن پنجاب اسمبلی نشاط ڈاہا بھی حالات کے مطابق سیاسی وابستگی رکھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی لیگی رکن پی ٹی آئی حکومت کی ڈوبتی کشتی میں سوار نہیں ہوگا، کسی لیگی ایم پی اے نے استعفیٰ دیے بغیر لوٹا بننے کی کوشش کی تو حلقے کی عوام گھیراؤ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ لوٹا بننے والے ارکان اسمبلی کے گھروں کا گھیراؤ کرنے والے کارکنوں کی قیادت کروں گا۔ یاد رہے کہ سابق لیگی رکن اسمبلی یونس انصاری نے دعویٰ کیا ہے کہ اُن کی قیادت میں 15 ایم پی ایز اور 5 ایم این ایز نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے۔

 
خبر کا کوڈ : 802359
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش