QR CodeQR Code

ہماری قوم کبھی تھکنے والی نہیں، حماس ترجمان فوزی برہوم

1 Jul 2019 00:47

فلسطینی مزاحمتی تحریک "حماس" کے ترجمان "فوزی برہوم" نے تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ "مسئلہ قدس" کے حوالے سے فلسطینی قوم کا ارادہ کبھی کمزور ہوگا اور نہ ہی قابض قوتوں کی طرف سے فلسطینی قوم کے ارادے کو متزلزل کرنے کی کوئی سازش کبھی کامیاب ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک "حماس" کے ترجمان "فوزی برہوم" نے تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ "مسئلہ قدس" کے حوالے سے فلسطینی قوم کا ارادہ کبھی کمزور ہوگا اور نہ ہی قابض قوتوں کی طرف سے فلسطینی قوم کے ارادے کو متزلزل کرنے کی کوئی سازش کبھی کامیاب ہوگی۔ انہوں نے گذشتہ روز مسئلہ قدس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسئلہ قدس کے حوالے سے فلسطینی نوجوانوں کی جانثاری اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ "مزاحمت" فلسطینیوں کے خون میں شامل ہو کر ان کی رگوں میں دوڑ رہی ہے، جبکہ ایک دن انہی فلسطینی نوجوانوں کے ارادے کی ہیبت اسرائیلی دشمنوں کے اقتدار اور ان کے فوجیوں کی کاغذی طاقت کو درہم برہم کر دے گی۔

فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے اسرائیلی قابض قوتوں کے خلاف تمام فلسطینی گروپس اور مغربی کنارے کے نوجوانوں سمیت تمام  معاشرتی طبقات سے متحد ہو کر پوری قوت کے ساتھ اٹھ کھڑے ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ فوزی برہوم نے فلسطینی شہروں "قدس" اور "العیسویہ" کے عوام کو غاصب صیہونی فوجیوں کے مقابلے میں بھرپور انداز میں قیام کرنے پر سراہا۔ واضح رہے کہ فلسطینی شہر قدس کے شمال مشرقی شہر "العیسویہ" کے عوام دو ہفتوں سے مسلسل اسرائیلی فوجیوں کے حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں، جبکہ گذشتہ جمعرات کے دن ایک 20 سالہ فلسطینی نوجوان "محمد عبید" کو غاصب صیہونی فوجیوں نے گولی مار کر شہید کر دیا تھا، جس کے نتیجے میں پورے شہر میں وقفے وقفے سے غاصب صیہونی فوجیوں کے ساتھ فلسطینی شہریوں کی بڑے پیمانے پر جھڑپیں شروع ہو گئی تھیں۔

غاصب صیہونی فوجیوں نے تاحال اس شہر کا ہر طرف سے محاصرہ کر رکھا ہے جبکہ غاصب اسرائیلی فوج کے خصوصی دستوں نے بھی اس شہر میں جگہ جگہ چوکیاں قائم کرکے بیگناہ فلسطینی عوام کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ دوسری طرف ماہرین کا خیال ہے کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی طرف سے عالمی برادری کی ناک تلے فلسطینی شہر قدس کے شمال مشرقی حصے "العیسویہ" میں فلسطینی عوام پر کئی سالوں سے ڈھائے جانے والے شدید سختیوں کے پہاڑ اور ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے پرلے درجے کے نسل پرستانہ سلوک کا مقصد وہاں کی عوام کو گھٹنے ٹیکنے اور بالآخر اپنے گھر بار چھوڑ کر کسی اور مقام پر ہجرت کرنے پر مجبور کرنا ہے۔


خبر کا کوڈ: 802395

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/802395/ہماری-قوم-کبھی-تھکنے-والی-نہیں-حماس-ترجمان-فوزی-برہوم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org