QR CodeQR Code

ملک بند گلی کی طرف جا رہا ہے، سنبھالنے کیلئے قابل افراد کی ضرورت ہے، مصطفیٰ کمال

1 Jul 2019 23:37

عمائدین سے ملاقات کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو ہے، حکومت غریبوں اور تاجروں پر آئے روز بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سمیت نئے نئے ٹیکسز کا بوجھ لاد رہی ہے، خام مال سمیت بجلی اور گیس کی قیمتوں میں لگاتار اضافے نے کاروبار تباہ کردیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ملک بند گلی کی طرف جا رہا ہے، حالات جتنے بگڑ رہے ہیں آپشنز محدود ہوتے جا رہے ہیں، ملک کو سنبھالنے کے لئے قابل افراد کی ضرورت ہے، ذاتی مفادات اور انا سے بالاتر ہوکر فیصلے لینے ہونگے ورنہ آئندہ آنے والی نسلیں ہمیں اچھے ناموں سے یاد نہیں رکھیں گی۔ ان خیالات کا اظہار سید مصطفیٰ کمال نے نارتھ ناظم میں اکاخیل برداری کے عمائدین سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو ہے، حکومت غریبوں اور تاجروں پر آئے روز بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سمیت نئے نئے ٹیکسز کا بوجھ لاد رہی ہے، خام مال سمیت بجلی اور گیس کی قیمتوں میں لگاتار اضافے نے کاروبار تباہ کردیا ہے اور اس تباہی کے باوجود حکومت بول رہی ہے کہ عوام ٹیکس دے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بے روزگاری انتہا کو پہنچ رہی ہے، مہنگائی کی وجہ سے لوگوں نے خودکشیاں کرنا شروع کر دی ہیں اور حکومتی اراکین اپنی خوابوں کی جنت سے نکلنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ اس موقع پر اکاخیل برادری کے عمائدین نے 21 جولائی کو پاک سرزمین پارٹی کے تحت ہونے والے جلسے میں بھرپور شرکت اور ملک کے ہر حصے میں سید مصطفیٰ کمال کا پیغام پہنچانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے سید مصطفیٰ کمال کی ناصرف کراچی بلکہ نفرتوں کا خاتمہ کرکے ملک کیلئے خدمات کو سراہا۔


خبر کا کوڈ: 802579

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/802579/ملک-بند-گلی-کی-طرف-جا-رہا-ہے-سنبھالنے-کیلئے-قابل-افراد-ضرورت-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org