0
Monday 1 Jul 2019 23:59

ملک میں اس وقت کرپشن کارڈ کھیلا جا رہا ہے، نفیسہ شاہ

ملک میں اس وقت کرپشن کارڈ کھیلا جا رہا ہے، نفیسہ شاہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سکرٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ جعلی حکمران ملک پر حکمرانی کر رہے ہیں، یہ وہی لوگ ہیں کہ جنہوں نے ماضی میں پارلیمنٹ پر لعنت بھیجی تھی، بلاول بھٹو نے پنجاب سے مہنگائی کے سونامی کے خلاف مہم شروع کر دی ہے، آصف علی زرداری کو چوتھی مرتبہ گرفتار کیا گیا ہے، جس کیس میں ان کو گرفتار گیا ہے، اس میں بلاول بھٹو کا نام بھی ہے، لگتا ہے ان کا اصل نشانہ بلاول بھٹو اور پارٹی قیادت ہے۔ آج بروز پیر سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نفیسہ شاہ نے کہا کہ اس وقت پیپلز پارٹی اکیلی جماعت ہے، جو حکومت کے خلاف مؤثر آواز اٹھا رہی ہے، عوام دشمن بجٹ کے خلاف بلاول نے ہی سب سے زیادہ مؤثر انداز میں آواز اٹھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی حکمران ملک پر حکمرانی کر رہے ہیں اور یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے ماضی میں پارلیمنٹ پر لعنت بھیجی تھی، ایسا لگتا ہے کہ یہ لوگ پانچ سال معافیاں مانگ کر گزاریں گے۔

نفیسہ شاہ نے کہا کہ ملک میں اس وقت کرپشن کارڈ کھیلا جا رہا ہے اور لوگوں کو یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ پی ٹی آئی میں جائیں یا پھر جیل جائیں، فردوس عاشق اعوان کے نیب کیسز پی ٹی آئی میں جانے سے ختم ہوگئے، بابر اعوان کا کیس ختم کر دیا گیا، کیونکہ وہ پی ٹی آئی میں شامل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ دودھ اور چائے والے کو ایمنسٹی لینے کی بات کر رہے ہیں، لیکن اصل میں ایمنسٹی اسکیم علیمہ باجی کی وجہ سے لانی پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کو بائیس مرتبہ گرفتار کرلیں، وہ عوام کی بات کرتے رہیں گے، ان کو روکا نہیں جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی بجٹ دھاندلی زدہ ہے، نمبرز پورے کرنے کیلئے اتحادیوں کو لالچ دیا گیا، دوسرے اتحادی کو ایک وزارت دی گئی، اپوزیشن کے دو ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہیں کئے جا رہے ہیں، اسپیکر پی ٹی آئی کے کارکن کی طرح کام کر رہے ہیں اور انہوں نے دھاندلی کے ذریعے بجٹ پاس کرایا۔
خبر کا کوڈ : 802586
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش