0
Tuesday 2 Jul 2019 08:50

دبئی کے حکمران کی اہلیہ خطیر رقم لے کر بچوں سمیت فرار

دبئی کے حکمران کی اہلیہ خطیر رقم لے کر بچوں سمیت فرار
اسلام ٹائمز۔ دنیا کے امیر ترین اور بااثر حکمرانوں میں سے ایک دبئی کے حکمران اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم کی اہلیہ شہزادی حیا کے خطیر رقم لے کر بچوں کے ساتھ فرار ہونے کی اطلاع ہیں۔ متعدد یورپی و امریکی ویب سائٹس نے اپنی رپورٹس میں دعویٰ کیا کہ شیخ محمد بن راشد المکتوم کی 45 سالہ اہلیہ شہزادی حیا اپنے 7 سالہ بیٹے زید اور 11 سالہ بیٹی جلیلا کے ہمراہ دبئی سے جرمنی منتقل ہوگئیں۔ ابتدائی طور پر ڈیلی بیسٹ اور برطانوی اخبار ’دی سن‘ نے اپنی رپورٹس میں دعویٰ کیا کہ شہزادی حیا بچوں سمیت دبئی چھوڑ کر جرمنی منتقل ہو گئیں، جہاں انہوں نے سیاسی پناہ کی درخواست دی تھی۔ برطانوی اخبار ’ایکسپریس‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ شہزادی حیا اپنی زندگی کو درپیش خطرات کی وجہ سے سنگین قدم اٹھانے پر مجبور ہوئیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس دبئی کے حکمران کی بیٹی 33 سالہ شہزادی شیخہ لطیفہ بنت محمد المکتوم بھی دبئی سے فرار ہوئی تھی، تاہم انہیں بھارتی بحریہ کی مدد سے واپس ملک لے جایا گیا تھا۔


رپورٹ کے مطابق دبئی کے حکمران کی جانب سے گزشتہ کچھ عرصے سے اپنی اہلیہ کو غدار اور بے وفا جیسے خطاب دیے جاتے رہے اور انہیں بے جا پابندیوں کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا تھا۔ رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر شہزادی حیا برطانیہ منتقل ہونا چاہتی تھیں، تاہم انہیں برطانیہ میں تحفظ پر خدشات تھے اور انہیں شبہ تھا کہ وہاں جانے کے بعد حکام انہیں واپس دبئی حکومت کے حوالے کریں گے۔ دوسری جانب برطانوی اخبار ’دی سن‘ نے بھی اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ شہزادی حیا کو رواں برس فروری سے کسی بھی عوامی تقریب میں نہیں دیکھا گیا اور اب اطلاعات ہیں کہ وہ جرمنی منتقل ہو چکی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہزادی حیا اپنی 11 سالہ بیٹی اور 7 سالہ بیٹے کے ہمراہ جرمنی منتقل ہوئی ہیں، ساتھ ہی شہزادی کم سے کم 3 کروڑ پاؤنڈ کی خطیر رقم کے ساتھ دبئی سے منتقل ہوئی ہیں۔ اخبار کے مطابق شہزادی حیا دبئی کے حکمران کی چھٹی بیوی تھیں، شہزادی حیا اردن کے سابق بادشاہ حسین بن طلال کی بیٹی اور حالیہ بادشاہ عبداللہ کی بہن ہیں۔ شہزادی حیا ماضی میں ایتھلیٹ رہ چکی ہیں، وہ اقوام متحدہ کے ساتھ بھی کام کرتی رہی ہیں۔ شہزادی حیا نے بطور دبئی کے حکمران کی اہلیہ کے کئی سماجی منصوبوں کی شروعات کی اور وہ ہر وقت ان کے ساتھ عوامی تقریبات میں دیکھی جاتی رہی ہیں۔ شہزادی حیا اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کے ساتھ فلاحی منصوبوں پر کام کے دوران وقتا بوقتا سماجی سرگرمیوں کے لیے دیگر ممالک کا دورہ بھی کرتی رہیں۔


 
خبر کا کوڈ : 802611
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش