0
Tuesday 2 Jul 2019 12:28
کوئی قانون سے بالاتر نہیں، شہریار آفریدی

گرفتار رانا ثناء اللہ سے رات گئے اہلیہ کی ملاقات

گرفتاری آزاد ادارے نے کی ہے، حکومت کا اس میں کوئی ہاتھ نہیں، فردوس عاشق اعوان
گرفتار رانا ثناء اللہ سے رات گئے اہلیہ کی ملاقات
اسلام ٹائمز۔ رانا ثناء اللہ کی اہلیہ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اپنے شوہر سے ملنے اور دوائیں دینے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر اُنہیں ملنے نہیں دیا گیا تو وہ دھرنا دے دیں گی۔ میڈیا سے گفتگو میں اہلیہ نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے کہ رانا ثناء اللہ کو کس وجہ سے گرفتار کیا گیا؟ کونسی ایسی چیزیں ہیں جو 10 ماہ بعد آج موٹر وے پر مل گئیں؟۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ 1بجے گھر سے نکلے تھے،3 بجے گرفتار کیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو کے بعد رانا ثناء اللہ کی رات گئے اے این ایف کے دفتر میں اہلیہ سے ملاقات کرا دی گئی۔ نبیلہ ثناء اللہ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شوہر کو ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، رانا ثناء اللہ پر الزامات تسلیم کرنے کے لئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے، تاہم ان کے حوصلے بلند ہیں۔ ملاقات کے بعد نبیلہ ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سات پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں پندرہ منٹ کی ملاقات کرائی گئی۔ واضح رہے کہ قبل ازیں رانا ثناء اللہ کی اہلیہ، داماد اور دیگر رشتہ داروں نے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر احتجاج کیا تھا۔

واضح رہے کہ رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللّٰہ کو پیر کی دوپہر فیصل آباد سے لاہور جاتے ہوئے اینٹی نارکوٹکس فورس نے موٹر وے پر سکھیکی کے مقام پر حراست میں لے لیا تھا اور ان کی گاڑی کے خفیہ خانوں سے 15 کلو گرام ہیروئن برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ رانا ثناء اللّٰہ کی گاڑی سے مبینہ طورپر برآمد ہیروئن کی مالیت 15 کروڑ روپے ہے۔ یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ ہیروئن اسمگلنگ میں ملوث یہ نیٹ ورک پوری دنیا میں منشیات اسمگل کرتا ہے۔ اے این ایف کے مطابق چھاپے میں رانا ثناء اللّٰہ کے 5 ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے جن میں محمد اکرم، سبطین حیدر، عثمان احمد، عامر رستم اور عمر فاروق شامل ہیں، ان گرفتار افراد کا تعلق بھی فیصل آباد سے ہے۔ رانا ثناء اللّٰہ کی گرفتاری کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ گرفتاری آزاد ادارے نے کی ہے، حکومت کا اس میں کوئی ہاتھ نہیں، نون لیگ کو جو مؤقف پیش کرنا ہے، عدالت میں کرے۔ وزیر مملکت برائے انسدادِ منشیات شہریار آفریدی نے اس حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے۔ قومی اسمبلی قواعد کے مطابق کسی بھی رکن کی گرفتاری کی صورت میں اسپیکر کو آگاہ کرنا ضروری ہوتا ہے تاہم اسپیکر اسد قیصر ماسکو اور ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری سعودی عرب میں ہیں۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ حکام کے مطابق وہ رانا ثناء اللّٰہ کی گرفتاری کی باضابطہ اطلاع کے منتظر ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 802656
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش