QR CodeQR Code

سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ تحریک انصاف کی وفاقی حکومت ہے، جعفر اللہ خان

2 Jul 2019 18:40

ڈپٹی سپیکر جی بی اسمبلی کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ نواز شریف گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کے مستقل تعین کیلئے سنجیدہ اور مخلص تھے، اس لئے انہوں نے سرتاج عزیز کی سربراہی میں ایک بااختیار آئینی کمیٹی بنائی, کمیٹی نے مسئلہ کشمیر اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد جی بی کو عبوری آئینی صوبہ بنانے کی سفارش کی تھی۔


اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی سپیکر جی بی اسمبلی جعفر اللہ خان نے کہا ہے کہ سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات پر عمل کر کے گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے میں مسئلہ کشمیر رکاوٹ ہے نہ ہی اقوام متحدہ کی قراردادیں، عبوری آئینی صوبے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ تحریک انصاف کی وفاقی حکومت ہے۔ مقامی روزنامے کو انٹرویو دیتے ہوئے جعفر اللہ خان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کے مستقل تعین کیلئے سنجیدہ اور مخلص تھے، اس لئے انہوں نے سرتاج عزیز کی سربراہی میں ایک بااختیار آئینی کمیٹی بنائی، کمیٹی میں وزارت خارجہ، وزارت قانون، وزارت دفاع اور پاک فوج کے اداروں کی نمائندگی موجود تھی، کمیٹی نے مسئلہ کشمیر اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے کی سفارش کی، ان سفارشات کی حتمی منظوری کیلئے ہونے والے اجلاس کے روز ہی ایک عدالتی فیصلے کے ذریعے نواز شریف کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا، جس کی وجہ سے یہ مسئلہ ایک بار پھر التوا کا شکار ہوا۔

ڈپٹی سپیکر کا مزید کہنا تھا کہ اب ان سفارشات کی راہ میں کوئی اور نہیں تحریک انصاف کی وفاقی حکومت رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے ان علاقوں کو ڈوگروں سے آزاد کرانے کے بعد پاکستان میں شامل کیا تھا اور ان علاقوں کو یہاں کے عوام گزشتہ ستر سالوں سے پاکستان کا حصہ سمجھتے آ رہے ہیں، ان علاقوں کو پاکستان کا باقاعدہ حصہ بنانے کا مطالبہ کرتے رہے لیکن سپریم کورٹ کے فیصلے میں جی بی متنازعہ قرار دینے کے بعد عوام کے احساس محرومی میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت گلگت بلتستان میں بعض سیاسی جماعتیں سپریم کورٹ کے فیصلے کو بنیاد بنا کر متنازعہ علاقوں کے حقوق کا مطالبہ کر رہی ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ان میں شدت آ رہی ہے، اس لئے وفاقی حکومت اور سپریم کورٹ دونوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ جی بی کے عوام میں پائے جانے والے اس احساس محرومی کے خاتمے کیلئے اپنے فیصلوں پر نظرثانی کریں اور سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات جس پر علاقے کے عوام متفق ہیں، پر عمل کرتے ہوئے گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے کا اعلان کریں۔


خبر کا کوڈ: 802712

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/802712/سرتاج-عزیز-کمیٹی-کی-سفارشات-پر-عملدرا-مد-راہ-میں-سب-سے-بڑی-رکاوٹ-تحریک-انصاف-وفاقی-حکومت-ہے-جعفر-اللہ-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org