0
Wednesday 3 Jul 2019 05:32

بلوچستان لبریشن آرمی کو عالمی دہشتگرد تنظیم قرار دینے کا خیر مقدم کرتے ہیں، فیصل ڈاکٹر

بلوچستان لبریشن آرمی کو عالمی دہشتگرد تنظیم قرار دینے کا خیر مقدم کرتے ہیں، فیصل ڈاکٹر
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے بلوچستان لبریشن آرمی کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا خیر مقدم کیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں بی ایل اے پہلے ہی سے کالعدم ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکا نے بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کا نام دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے، پاکستان نے اس اقدام کا خیر مقدم کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکا نے بی ایل اے کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیا، پاکستان میں بی ایل اے 2006ء سے کالعدم ہے، بی ایل اے نے حال ہی میں ملک میں کئی دہشت گرد حملے کئے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکی اقدام کے بعد امید ہے بی ایل اے کے لئے زمین مزید تنگ ہوگی، امید ہے تنظیم کے سہولت کاروں اور مالی معاونین کا بھی احتساب ہوگا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بی ایل اے کو بڑھاوا دینے والوں کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ واضح رہے کہ امریکا نے بی ایل اے اور جند اللہ کا نام دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا ہے، فہرست میں شامل دونوں تنظیموں کے اثاثہ جات بھی منجمد کئے جائیں گے، امریکی شہریوں کو ان تنظیموں سے کسی قسم کے لین دین پر پابندی ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق بی ایل اے نے اگست 2018ء میں بلوچستان میں چینی انجینئرز کو نشانہ بنایا، نومبر 2018ء میں کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملہ کیا اور مئی 2019ء میں گوادر میں ایک ہوٹل پر حملہ کیا۔ پاکستان کے علاوہ برطانیہ بھی بی ایل اے کو دہشت گرد تنظیم قرار دے چکا ہے، حکومت پاکستان اس سے قبل امریکا سے بی ایل اے کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ بھی کر چکی تھی۔
 
خبر کا کوڈ : 802797
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش