QR CodeQR Code

ولایت فقیہ کے منکرین ریاستی اداروں سے خوفزدہ ہوگئے

کسی عالم کیخلاف ہیں نہ کوئی نیا فرقہ بنا رہے ہیں، کلیم حیدر گیلانی

3 Jul 2019 21:22

لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب میں رہنماوں کا کہنا تھا کہ 6 جولائی کو لاہور میں ہونیوالے ’’ولایت کنونشن‘‘ میں پاکستان کے تمام شیعہ علماء کرام، سادات، بانیان مجالس اور ماتمی نوجوان شریک ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے مسلح افواج اور آئین پاکستان کا پاس ہے، ہم قانون نافذ کرنیوالے اور وطن عزیز کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرنیوالے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ علماء کرام اور ولایت فقیہ کے منکرین ریاستی اداروں سے خوفزدہ ہوگئے، اپنے موقف سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے خود کو شیعہ ظاہر کرنے کی ناکام کوشش، پریس کانفرنس میں صفائیاں دیتے رہے۔ لاہور پریس کلب میں منکرین ولایت کے سرغنہ سید کلیم حیدر گیلانی نے دیگر ساتھیوں سید اکرم بخاری، سید حسنین کاظمی، مولانا مصطفیٰ مہدی اور مولانا رائے مزمل حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم کوئی نیا فرقہ بنانے جا رہے ہیں، نہ کسی کیخلاف ہیں۔ ہم مسلمہ تشیع عقائد کے حامل ہیں اور تقلید نہیں کرتے۔ رہنماوں کا کہنا تھا چند روز قبل جامعۃ المنتظر اور جامعۃ قرآن و اہل بیت نے ’’پیغام پاکستان کانفرنس‘‘ کی تشہیر کی، پیغام پاکستان کی روح کے منافی پروپیگنڈا کرتے ہوئے مرکز ولایت امام بارگاہ قصر بتول کے "ولایت کنونشن" کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی، جس کی مذمت کرتے ہیں، عوام کو گمراہ کرنیوالے علماء کیخلاف کارروائی کی جائے۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان سمیت ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرنیوالے اداروں کیساتھ کھڑے ہیں، کسی قسم کا کوئی نیا فرقہ بنانے نہیں جا رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی عالم کیخلاف نہیں، کسی کے عقیدے اور نظریئے کیخلاف نہیں، نہ کوئی غیر شرعی کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 6 جولائی کو لاہور میں ہونیوالے ’’ولایت کنونشن‘‘ میں پاکستان کے تمام شیعہ علماء کرام، ذاکرین عظام، درگاہوں کے گدی نشین، مشائخ عظام، سادات، بانیان مجالس، لائسنسدار اور ماتمی نوجوان شریک ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج اور آئین پاکستان کا پاس ہے، ہم قانون نافذ کرنیوالے اور وطن عزیز کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرنیوالے اداروں کیساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم فرقہ واریت نہیں چاہتے بلکہ ہم ولایت علی کے قائل ہیں، ہم علی کو خدا بھی نہیں کہتے، ہماری تمام سرگرمیاں آئین پاکستان کے اندر دی گئی آزادی کے مطابق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم محب وطن پاکستانی ہیں، مولائے کائناب کا فرمان ہے کہ جس مٹی پر رہو، اس سے محبت ایمان ہے۔


خبر کا کوڈ: 802922

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/802922/کسی-عالم-کیخلاف-ہیں-نہ-کوئی-نیا-فرقہ-بنا-رہے-کلیم-حیدر-گیلانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org